• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ کی ثقافت کے دن پر رنگارنگ تقاریب، ریلیاں، اجرک اور ٹوپی سجائے لوگوں کا والہانہ رقص

سندھ کی ثقافت کے دن پر رنگارنگ تقاریب


کراچی (جنگ نیوز / اسٹاف رپورٹر / نیوز ایجنسیز) سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے اتوار کو یوم ثقافت منایا گیا جس کے تحت رنگارنگ تقاریب منعقد کی گئی جبکہ کراچی میں بڑی ریلی سمیت پورے سندھ میں متعدد ریلیاں نکالی گئیں۔

کراچی ، لاڑکانہ ، حیدرآباد، سکھر، ڈگری ، سجاول، شکارپور، چمبڑ، ٹنڈو محمد خان، ڈگری، ٹنڈوالہ یار، جیکب آباد، گڑھی خیرو، پڈعیدن، میرپورخاص، میہڑ ، اسلام کوٹ، ٹھری میرواہ، کوٹ غلام محمد ، سجاول سمیت تمام شہروں میں عید کا سماں رہا، اجرک اور سندھی ٹوپی سجائے لوگوں نے سندھی ثقافت سے محبت کا اظہار کیا اور سندھ گانوں کی دھنوں پر والہانہ رقص کیا۔

ثقافتی جشن میں بچوں ، بڑوں ، خواتین اور بوڑھوں کا جوش دیدنی تھا اور لوگوں نے اجرک سے سجے خوبصورت لباس زیب تن کئے ۔ 

سابق صدر آصف زرداری ، پاکستان پیپلز پار ٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ، وزیر اطلاعات و بلدیات و مذہبی امور سیدناصرحسین شاہ اور دیگر رہنماؤں نے سندھی ثقافت کے دن پر مبارکباد کے پیغامات دیئے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنےسندھ کے ثقافتی دن کے موقع پر اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ سندھی ثقافت کا دن منانے سے قومی یکجہتی کو فروغ ملے گا۔

ادھر امریکی سفارتخانے کے افراد نے سندھی زبان میں سندھیوں کو یوم ثقافت کی مبارکباد دی اور خصوصی ویڈیو جاری کی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے آج یوم ثقافت منایا گیا، اجرک اور سندھی ٹوپی پہن کر سندھی ثقافت سے محبت کا اظہار کیا گیا۔ 

سندھ کلچرل ڈےکی مناسبت سے سندھ کی ہزاروں سال قدیم روایات کے امین سندھ واسی روایتی لباس زیب تن کرتے، اجرک اور ٹوپی سجائے سندھ کی رنگا رنگ دھرتی سے اظہار یکجہتی اور نوجوان نسل کو سندھ کی ثقافت سے روشناس کرانے کے لیے نکلتے ہیں۔ 

سندھ کے یوم ثقافت کے موقع بھر صوبے بھر میں ریلیوں اور تقریبات کا انعقاد کیا گیا، نوجوانوں کی جانب سے سندھی اجرک ٹوپی پہن کر علاقائی دھنوں پر رقص کیا گیا جبکہ ثقافتی رنگوں میں رنگ کر خواتین اور بچے بھی پر جوش نظر آئے۔ 

کراچی میں بھی پریس کلب کے باہر بڑی ریلی نکالی گئی جس میں شریک نوجوانوں، خواتین اور بچوں نے سندھی ٹوپی اور اجرک پہنی۔لاڑکانہ ، حیدرآباد، سکھر، ڈگری ، سجاول، شکارپور، چمبڑ، ٹنڈو محمد خان، ڈگری، ٹنڈوالہ یار، جیکب آباد، گڑھی خیرو، پڈعیدن، میرپورخاص، میہڑ ، اسلام کوٹ، ٹھری میرواہ، کوٹ غلام محمد ، سجاول سمیت صوبے کے دیگر شہروں اور قصبوں میں بھی روایتی جوش و خروش سے منایا گیا اور ریلیوں میں بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ 

صوبے کے دیگر شہروں میں ریلیوں کے علاوہ خصوصی پروگرامز بھی منعقد کیے گئے۔بلاول بھٹو زرداری نے سندھی کلچرل ڈے پر پیغام میں کہا کہ آج کا دن نوجوانوں کا دن ہے جو عظیم ثقافت و تہذیب کے وارث و امین ہیں، سندھی ثقافت ارض پاکستان کا تاج ہے، یومِ ثقافتِ سندھ ہم آہنگی و بھائی چارے کا پیغام ہے۔ 

سندھ سمیت چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان اور دنیا بھر میں یومِ ثقافت منانے والوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔سابق صدر آصف زرداری نے اپنے بیان میں یوم ثقافت کے موقع پر دنیا بھر میں بسنے والے سندھیوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہاہے کہ شہید قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو نے لوک ورثہ بنایا کہ ہماری ثقافت زندہ رہے ۔ 

اکیڈمی ادبیات کی بنیاد بھی شہید بھٹو کا کارنامہ ہے ، پاکستان تمام شہریوں کی مادری زبان اور ثقافتوں کا گلدستہ ہے۔ 

وزیر اطلاعات، بلدیات و مذہبی امور سیدناصرحسین شاہ نے سندھی ثقافت کے دن کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ سندھ کی ثقافت دنیاکی قدیم اورعظیم ثقافت ہےسندھ دھرتی اوراس کی ثقافت دنیامیں امن وسلامتی کی امین ہے آج کے دن اپنی ثقافت کے ساتھ ساتھ سندھ کی تاریخ کوبھی سلام پیش کیا جائے پاکستان مختلف ثقافتوں سے جڑاخوبصورت گلدستہ ہے، پیپلزپارٹی اس گلدستے کی نگہبان اورضامن ہے۔ 

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سندھ کے ثقافتی دن کے موقع پر مبارکباد دی۔ تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، سیکرٹری اطلاعات راجہ جہانگیر انور، لاہور آرٹس کونسل کی ایگزیکٹو ڈائریکٹرثمن رائے اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب میں مہمانوں کو سندھی اجرک پہنائی گئی اوروزیر اعلیٰ کو سندھ کے معروف لوک گلوکار علن فقیر مرحوم کا پورٹریٹ بھی پیش کیا گیا -وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سندھی ثقافت کا شمار دنیا کی عظیم اور قدیم ثقافتوں میں ہوتا ہے۔ 

سندھی ثقافت پاکستان کی خوبصورتی اورہماری سب ثقافتیں سانجھی ہیں۔ سندھی ثقافت کا دن منا کر دلی خوشی ہوئی ہے۔ پنجاب میں سندھی ثقافت کا دن منانے سے قومی یکجہتی کو فروغ ملے گا۔

تازہ ترین