وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گلِ کا کہنا ہے کہ ہم نے کاروبار بھی چلایا اور بھوک کو بھی شکست دی، ورلڈ اکنامک فورم نے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گلِ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ کوروناوائرس سے دنیا میں بدترین جانی نقصان ہوا، معیشتیں تباہ ہوئیں، دنیا میں اشیاء خورونوش کی قیمتیں 6 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔
شہباز گلِ نے کہا ہے کہ یو این او کے ذیلی ادارے ایف اے او کے مطابق فوڈ پوائنٹ انڈکس 105 پر پہنچ گیا، فوڈ پوائنٹ انڈکس اکتوبر 2020ء کے مقابل 3.9 فیصد اور گزشتہ نومبرکی نسبت 6.5 فیصد زیادہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بروقت حکومتی فیصلوں کی وجہ سے کوروناوائرس پر قابو پایا گیا جسے دنیا نے بھی فالو کیا۔
شہباز گلِ نے اپوزیشن جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس مسئلہ سے پوری دنیا نبرد آزما ہے کرپٹ ٹولہ اس پرسیاست اور پروپیگنڈا کررہی ہے، پی ڈی ایم کا مقصد کورونا پھیلانا ہے، یہ چاہتے ہیں کہ خدانخواستہ زیادہ سے زیادہ لوگ کورونا سے متاثر ہوں۔
شہباز گلِ کا کہنا تھا کہ یہ چاہتے ہیں کہ ہر طرف افراتفری پھیلے تا کہ ایسے حالات سے سیاسی فائدہ اٹھاسکے، اپنی کرپشن بچانے کے لیے کرپٹ ٹولہ عوام کو اپنی سیاست کے بھینٹ چڑھانا چاھتے ہیں۔