• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رمضان شوگر ملز کیس :سماعت 17 دسمبر تک ملتوی

لاہور کی احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز ریفرنس میں نیب کے گواہان کے بیانات کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے مزید سماعت 17 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چوہدری نے رمضان شوگر ملز ریفرنس پر سماعت کی ،جیل حکام حمزہ شہباز کو بلٹ پروف گاڑی میں لائے۔

ایڈیشنل ہوم سیکریٹری نے عدالت کو بتایا کہ ایک سماعت پر حمزہ شہباز کو پیش نہ کرنے کے حوالے سے انکوائری مکمل کر لی ہے، انسپکٹرزذمہ دار ہیں۔

عدالت نے استفسار کیا کہ قیدیوں کی عدالت میں پیشی کے حوالے سے کیا ایس او پیزبنائے ہیں، ایڈیشنل ہوم سیکریٹری نے استدعا کی کہ ایس او پیز بنانے کیلئے مزید مہلت دی جائے۔

عدالت نے ایس پی ہیڈکوارٹر سمیت دیگر افسران کو وارننگ دیتے ہوئے ان کے خلاف جاری شوکاز نوٹس واپس لے لیے اور ایس او پیز بنانے کے لئے مہلت دے دی ۔

عدالت نے نیب کے تین گواہوں کی شہادتوں کو قلمبند کرنے کا حکم دے دیا۔

سماعت کے دوران حمزہ شہباز کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے حمزہ شہباز سے ملاقات کےلیے عدالت سے اجازت مانگتے ہوئے استدعا کی کہ حمزہ شہباز کی سپریم کورٹ میں کل ضمانت کا کیس ہے،اس حوالے سے مشاورت کرنا ہے ملاقات کی اجازت دی جائے،جس پر عدالت نے انہیں ملاقات کی اجازت دیدی ۔

مسلم لیگ نون کے رہنما عطااللہ تارڑ کا احتساب عدالت کے باہر گفتگو میں کہنا تھا کہ حمزہ شہباز کےخلاف ابھی تک کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کیا جا سکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ کے این آر او زدہ ارکان سے کوئی پوچھنے والا نہیں، وقت آنے والا ہے، جب یہ این آر او کیلئے ترسیں گے لیکن وہ این آر او نہیں دیں گے۔

تازہ ترین