سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی کی جانب سے شروع کی جانے والی نئی ایئر لائن کے کیبن کریو کا یونیفارم معروف فیشن ڈیزائنر نومی انصاری نے ڈیزائن کیا ہے۔
ایئر سیال کے آفیشل ٹوئٹر پیغام میں بتایا گیا کہ پاکستان کے مشہور و معروف ڈیزائنر نے ہمارے کیبن کریو کا یونیفارم تیار کیا ہے۔
ٹوئٹر پیغام میں یہ بھی کہا گیا کہ ’یہ بہت خوشی کی بات ہے کہ پاکستان فیشن انڈسٹری میں ان گنت ایوارڈز حاصل کرنے والے اور بہرین ملبوسات کا جانا پہچانا نام نومی انصاری نے ہمارے لیے یونیفارم ڈیزائن کیا ہیں۔‘
ٹوئٹ میں ایئر سیال کی جانب سے بین الاقوامی معیار کے مطابق یونیفارم ڈیزائن کرنے پر نومی انصاری کا شکریہ ادا کیا۔
اِئرسیال کی اس ٹویٹ کو نومی نے اپنے آفیشل اکاونٹ پر ری شیئرکرتے ہوئے ’الحمداللّٰہ‘ لکھا۔
خیال رہے کہ سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی نے کمال کرتے ہوئے ایئر لائن قائم کر لی، ایئر سیال کا دوسرا طیارہ سیالکوٹ میں لینڈ کر گیا ہے۔
نجی ایئر لائن ایئر سیال کا دوسرا ایئر بس 320 A طیارہ سیالکوٹ میں لینڈ کر گیا، اس موقع پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار اور ایوی ایشن حکام بھی ایئر پورٹ پر موجود تھے۔
سیالکوٹ ایئر پورٹ پر طیارے کو واٹر سلوٹ پیش کیا گیا، سیال ایئر لائن نے باقاعدہ آغاز 9 دسمبر کو کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ایئر لائن کی افتتاحی تقریب میں شریک ہوں گے۔