• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ نے ارکان اسمبلی سے استعفے مانگ لئے، ایک کا آگیا

لاہور/ سرگودھا (نمائندگان جنگ / جنگ نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اپنے ارکان اسمبلی سے استعفے طلب کرلئےاور سرگودھا سے تعلق رکھنے والے ایک ایم این اے حامد حمید نے اپنے استعفیٰ جمع کرادیا، بصیر پور سے ایم پی اے افتخار چھچھر نے بھی استعفیٰ جمع کرادیا۔

تفصیلات کے مطابق ن لیگ نے ارکان اسمبلی سے استعفے طلب کرلئے ہیں،جس کے بعد سرگودھا سے قومی اسمبلی کے رکن چوہدری حامد حمید نے اپنا استعفیٰ پارٹی قیادت کو جمع کر وادیا ۔

انہوں نے بتایا کہ پارٹی قیادت نے تمام اراکین اسمبلی سے استعفیٰ طلب کر لئے ہیں ۔ سرگودھا میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چوہدری حامد حمید نےکہا کہ میں نے پارٹی قیادت کے پاس اپنا استعفیٰ باضابطہ جمع کروادیا ہے ۔

غیر منتخب لوگ غیر جمہوری طریقے سے حکومت چلا رہا ہیں جن کا جمہوریت کیساتھ کوئی تعلق نہیں ۔

ادھررکن پنجاب اسمبلی چوہدری افتخارحسین چھچھر نےبھی اپنااستعفیٰ قیادت کوجمع کروا دیا۔

انہوں نے اسپیکرپنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی کے نام لکھے گئے اپنے استعفیٰ میں کہا ہے کہ ملکی معیشت تباہ کرنے، تاریخ میں سب سے زیادہ قرضے لینے، ادویات بجلی، گیس، پٹرول اور آٹا، چینی سمیت اشیائے خوردونوش کی جان لیوا مہنگائی، بیروزگاری، لاقانونیت کے راج، میڈیا اور اظہار رائے پر پابندیوں،غریب کو غریب ترکرکے زندگی اجیرن کرنے،عوامی مسائل حل نہ کرنے، خارجہ پالیسی کی ناکامی، کشمیر کا سودا کرنے، مرزائیوں کی بے جا حمایت، علماءکی تحقیر،پنجاب اورپنجاب اسمبلی کی بے توقیری،ووٹ چوری کرنے کے باعث میں اورمیری جماعت مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت سمجھتی ہے کہ موجودہ حکومت سلیکٹڈ،نااہل ،نالائق اورکرپٹ ہے ،وارداتیوں کا ٹولہ ہے جو ملک وقوم پربوجھ بن چکاہے ،اب سلیکٹڈوزیراعطم عمران نیازی سمیت حکومت کوگھرجاناچاہئے ۔

اس لئے میں اپنی صوبائی اسمبلی کی نشست حلقہ پی پی185سے دستبرداری کااعلان کرتاہوں۔انہوں نے کہاہے کہ مجھے اپنی پارٹی قیادت پرمکمل اعتمادہے،قائدین کے فیصلوں کا مکمل پابندرہوں گا۔

تازہ ترین