• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ محمود قریشی کی پاناما لیکس پر پنجاب بار کونسل سے مشاورت

لاہور ( خبر نگار خصوصی ،خصوصی رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے  مرکزی رہنماء شاہ محمود  قریشی نے کہا  کہ پانامہ لیکس کے حوالے سے پنجاب بار کونسل کے اقدام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں وہ گزشتہ روز پنجاب بار کونسل کی دعوت پر بار کونسل سے مشاورتی اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے ۔اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے شفقت محمود ، پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید ،  بار کونسل کے وائس چیئر مین چودھری محمد حسین   سمیت دیگر وکلاء بھی موجود تھے۔  شاہ محمود قریشی کی پنجاب بار کونسل آمد پر تحریک انصاف کے حامی وکلا نے ان کا زبردست استقبال کیا اور اس موقع پر گو نواز گو کے نعرے لگائے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاناما لیکس ایک سنجیدہ مسئلہ ہے یہ سیاسی نہیں لیگل  اور ٹیکنیکل  مسئلہ ہے ۔ پاناما لیکس پر  یوکرائن اور  آئس لینڈ کے وزرائے اعظم  نے اپنے عہدوں  سے استعفیٰ  دیا ہے اس لیے اس معاملے کو ایسے ہی نہیں چھوڑا جا سکتا۔موجودہ سٹیٹس کو کو تبدیل ہوتا دیکھ رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مارشل لاء کی بات کی جائے یا پھر آئین کی  معطلی کا معاملہ ہو ، ایمر جنسی کی بات ہو یا پھر انسانی حقوقی کی پامالی کا معاملہ ہو، وکلاء برادری نے ہر قومی معاملہ پر اپنا بھر پور کردار ادا کیا ہے ۔  اس حوالے سے پنجاب بار کونسل نے ہمیں یقین دلایا ہے کہ اس معاملہ پر پنجاب بار کونسل کا اجلاس طلب کیا جائے گا اور اس اجلاس میں اس کی نوک پلک پر بحث کیا جائے گی جو کہ ایک قابل ستائش عمل ہے ۔چودھری حسین نے کہا کہ قومی ایشوز پر پنجاب بار کونسل تمام سیاسی جماعتوں کا باہمی مشاورتی اجلاس منعقد کرے گی  جس میں   متفقہ طور پر لائحہ عمل وضع کیا جائے گا۔ اگر کوئی بھی آئین کے خلاف اقدام کرے گا تو وکلاء اپنا کردار ادا کرنے میں پیچھے نہیں ہٹیں گے کیونکہ ہم نے کرپشن کو ختم کرنے کا حلف اٹھا رکھا ہے ۔    وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل نے کہا کہ جب تک وکلا کو کمیشن میں شامل نہیں کیا جاتا،اسے قبول نہیں کریں گے،  پنجاب بھر کی بارز سے نمائندہ کنونشن بلا کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے،وکلاءنے کبھی کرپشن کی نہ آئندہ کبھی ہونے دیں گے، انہوں نے کہا کہ ہمارا جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کا کوئی پروگرام نہیں کیونکہ کالے کوٹ نے اس جمہوریت کے لئے ہی فاقے کاٹے ہیں، انہوں نے پاکستان بھر کی بار کونسلز سے اپیل  کی کہ وہ پنجاب بار کا ساتھ دیں۔
تازہ ترین