لاہور(نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ13دسمبر کو عوام کی طاقت حکومت کو گھر بھیجنے کا سبب بنے گی،مریم نواز کی سات دسمبر کی ریلی کے بعد حکومتی ترجمانوں کو سانپ سونگھا ہوا ہے۔شہباز شریف 7 بار پارلیمان کے رکن قائد حزب اختلاف رہے لیکن کبھی سرکار سے ایک دھیلہ تک نہیں لیا،حکومت انہیں حراست میں رکھنے کے باوجود ایک پیسے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکی، وزیراعظم عمران خان کی میز پر عوام کو ریلیف دینے کی کوئی فائل نہیں بلکہ ان کی میز پر شہباز شریف کے کیسز کی فائل موجود ہے۔احتساب عدالت لاہور کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کیخلاف جھوٹے مقدمات بنائے گئے اور ساری دنیا اس سے آگاہ ہے۔آج سلیکٹڈ ٹولہ ہچکولے کھا رہا ہے،اس ٹولے کی ترجیح جیل میں شہباز شریف تک ڈاکٹر کی رسائی روکنا ہے،عدالتی حکم کے باوجود آج تک شہباز شریف کو جیل میں ڈاکٹر مہیا نہیں کیا گیا۔