• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہلک وائرس مزید 60 زندگیاں نگل گیا، احتیاط نہ کی تو جلد پابندیاں لگانی پڑسکتی ہیں، اسد عمر

اسلام آباد، کراچی (ایجنسیاں، ٹی وی رپورٹ، اسٹاف رپورٹر) ملک میں کورونا وائرس سے ایک روز میں مزید 60 ؍ افراد جاں بحق اور 2963 کیسز سامنے آ گئے۔سندھ میں مہلک وائرس نے مزید 18؍ افراد کی جان لے لی، صوبے میں مزید 2003؍ نئے کیسز رپورٹ ہوئے اس طرح سندھ میں مریضوں کی مجموعی تعداد 23096؍ ہوگئی جس میں سے 749؍ مریضوں کی حالت تشویشناک ہے، دوسری جانب وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہےکہ کورونا کی حفاظتی تدابیر پر پہلے کی طرح عملدرآمد نظر نہیں آرہا لہٰذا احتیاطی تدابیر نہ کیں تو شاید ہفتے بعد خدشہ ہے کہ مزید بندشیں لگانی پڑے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 33610 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2963 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 60 ہلاکتیں بھی سامنے آئیں۔ سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 8547 ہوگئی ہے اور مجموعی کیسز 4 لاکھ 26142 تک جا پہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 45324 ہے۔ اس کےعلاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 1797 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 372271 ہو گئی ہے۔ سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 187684 ہوگئی ہے جبکہ 3081 افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں۔ پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 124804 ہے اور 3242 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جاچکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 17540 اور ہلاکتیں 170ہو چکی ہیں۔ خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 50506 اور 1429ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ آزاد کشمیر میں 7427 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 182 افراد انتقال کرگئے۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 4761 اور 98 افراد انتقال کرچکے ہیں۔ پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 33420 ہے اور اب تک 345 مریض انتقال کر چکے ہیں۔دوسری جانب این سی او سی کے سربراہ اور وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہےکہ کورونا کی حفاظتی تدابیر پر پہلے کی طرح عملدرآمد نظر نہیں آرہا لہٰذا احتیاطی تدابیر نہ کیں تو شاید ہفتے بعد خدشہ ہے کہ مزید بندشیں لگانی پڑے۔ این سی او سی کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں اسد عمر نے کہا کہ 2 ماہ میں کورونا کے مثبت کیسز اور اموات میں 4 گنا اضافہ ہوا اور سیکڑوں کی تعداد میں طبی عملہ کورونا میں مبتلا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے معاملے میں عالمی سطح پر پاکستان کی مثالیں دی جاتی ہیں لیکن حفاظتی تدابیر پر پہلے کی طرح عمل درآمد نظر نہیں آرہا، 12 اکتوبر کو کورونا کیسز 2 فیصد تھے لیکن گزشتہ عشرے میں 4 فیصد اضافہ ہوا جب کہ حالیہ دنوں میں کورونا سے اوسط 60 اموات ہورہی ہیں۔

تازہ ترین