• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ کابینہ، چھوٹے تاجروں کو ٹیکس چھوٹ، بارش سے متاثرین کیلئے معاوضے کی منظوری

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سندھ کابینہ نے صوبے میں بارش سے متاثرہ افراد کے لئے 4 ارب روپے معاوضے کی منظوری دے دی ، چھوٹے تاجروں اورکاشتکاروں کو ٹیکس چھوٹ بھی دی جائے گی ، کابینہ نے سیف سٹی پروجیکٹ کے تحت 10ہزار کیمرے نصب کرنے کیلئے این آر ٹی سی کے ساتھ مفاہمت نامے پر دستخط کرنے کی اجازت اور محکمہ داخلہ کی تجویز پر ریونیو افسران کو خصوصی مجسٹریٹ اختیارات دینے کا بھی فیصلہ کیا ۔تفصیلات کے مطابق سندھ کابینہ نے صوبے کے شدید بارش سے متاثرہ لوگوں کیلئے 4.021 بلین روپے معاوضے کی منظوری دے دی ہے اور وفاقی حکومت سے صوبائی حکومت کے مساوی گرانٹ / معاوضہ دینے کی درخواست کی ہے۔کابینہ کو بتایا گیا کہ قانون کے تحت قدرتی آفات میں ہلاک ہونے والے افراد کے معاوضے کو کفالت کرنے والوں کیلئے 100000، نان کفالت کیلئے 50000 روپے مقرر کیا گیا ہے۔کابینہ نے زخمیوں کو 25000 روپے ، جزوی اور مکمل طور پر تباہ شدہ پکے مکانات کیلئے 25000 روپے ، جزوی طور پر نقصان پہنچنے والوں کیلئے 10000 روپے ، بڑے مویشیوں (گائے / بھینس / گھوڑا ) کیلئے 10000 روپے اور چھوٹے مویشیوں جس میں بکرے ، بھیڑرور گدھے شامل ہیں کیلئے 5000 روپے کی منظوری دی۔کابینہ نے پاک ۔اومان انویسٹمنٹ کمپنی لمیٹڈ کی درخواست پر اپنے حصے کی منتقلی پر 553 ملین روپے کی اسٹمپ ڈیوٹی سے استثنیٰ کی منظوری دی۔محکمہ داخلہ کی تجویز پر کابینہ نے ریونیو افسران کو خصوصی مجسٹریٹ اختیارات دے دیئے ۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ آئی جی پولیس نے میسرز واہ انڈسٹریز سے 700 پستول نائین ایم ایم (8-6) کی خریداری کا ارادہ کیا جس کیلئے ایس پی پی آر اے رولز کے عمل سے استثنیٰ کی درخواست کی گئی ہے۔ کابینہ نے 630 ملین روپے کی چھوٹ اور رہائی کی منظوری دے دی۔کابینہ نے جسٹس (ر) شاہنواز طارق کو کام کرنے کی جگہ پر خواتین کو ہراساں کرنے کے حوالے سے انھیں تحفظ دلانے کیلئے 2 سال کیلئے بطور صوبائی محتسب اعلیٰ تقرری کی منظوری دی۔کابینہ نے تھر میں توانائی کے شعبے کے ترقیاتی منصوبوں کو مد نظر رکھتے ہوئے جون 2025 تک سندھ سیلز ٹیکس میں مزید پانچ سال کی چھوٹ دے دی۔

تازہ ترین