ٹاپ سیڈ عقیل خان اور مزمل مرتضیٰ نے حسن طارق رحیم اوپن ٹینس چیمپئین شپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ خواتین ایونٹ کا فائنل عشنا سہیل اور سارہ محبوب کے درمیان کھیلا جائےگا۔
سب سے زیادہ انعامی رقم والی حسن طارق رحیم اوپن ٹینس چیمپین شپ لاہور جمخانہ کلب کے ٹینس کورٹس پر کھیلی جا رہی ہے۔ چیمپئین شپ میں مینز ایونٹ کے سیمی فائنلز میں عقیل خان اور مزمل مرتضیٰ نے کامیابی حاصل کی اور فائنل کے لیے جگہ بنائی۔
عقیل خان نے پہلے سیمی فائنل میں یوسف خان کو 2-6 اور 2-6 سے شکست دی جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں مزمل مرتضیٰ نے بڑے بھائی مدثر مرتضیٰ کو 2-6 اور 3-6 سے ہرایا۔
ویمنز ایونٹ کے سیمی فائنلز میں توقع کے مطابق عشنا سہیل اور سارہ محبوب نے کامیابی حاصل کی۔ عشنا سہیل نے عیشا جواد کو 0-6 اور 1-6 سے ہرایا جبکہ سارہ محبوب نے نور ملک کو 1-6 اور 2-6 سے شکست دی۔
سارہ محبوب کا کہنا ہے کہ عشنا سہیل کے خلاف ہمیشہ کی طرح اچھا فائنل ہوگا۔
حسن طارق رحیم ٹینس چیمپیئن شپ کے مینز اینڈ ویمنز ایونٹ کے فائنلز کل کھیلے جائیں گے۔