لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)ترک ڈرامے ‘ارطغرل غازی’ کے مرکزی کردار انگین التان دوزیتان اس وقت مختصر دورے پر لاہور میں موجود ہیں اور انہوں نے کہا ہے کہ یہ ان کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے لیکن آخری نہیں۔ تفصیلات کے مطابق ترک اداکار انگین آلتان نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ پاکستانی عوام پیار کرتے ہیں، میں نے کچھ نئے پروجیکٹس کے معاہدے کئے ہیں، یہاں نجی ٹیکسٹائل کا برانڈ ایمبیسڈر بن گیا ہوں۔ترک اداکار نے انگریزی اور ترکی زبان میں پریس کانفرنس کی اور بعدازاں اردو زبان کے بھی کچھ الفاظ ادا کیے۔پاکستان میں ’ارطغرل غازی‘ کی مقبولیت کے حوالے سے کہنا تھا کہ میرے لیے خوشی کی بات ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سیریل کی تعریف کی، یہ بہت بڑی ڈرامہ سیریل تھی اور اسلامی اسٹوری تھی۔انگین آلتان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی قدرتی خوبصورتی سے اچھی طرح واقف ہوں، مختصر دورہ ہے اس لیے زیادہ سیر نہیں کر سکا، یہاں کا کھانا زبردست تھا بس مرچیں زیادہ تھیں۔ ترک اداکارہ نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ پاکستان کے عوام مجھ سے محبت کرتے ہیں، اس کا علم تھا اور اس لیے میں یہاں آنا چاہتا تھا، انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ میرا پاکستان کا پہلا دورہ ہے لیکن آخری نہیں۔واضح رہے کہ ترک اداکار انگین آلتان دو روزہ دورے پر گزشتہ روز لاہور پہنچے، پاکستان میں موجود ترک اداکار کے مداح نا صرف ان کی آمد پر خوش دکھائی دے رہے ہیں بلکہ پاکستان میں ان کا پرجوش خیر مقدم بھی کیا ۔