بلوچستان میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا میں مبتلا دو اور مریض انتقال کرگئے، جبکہ صوبے کے چھ اضلاع سے کورونا کے 41 نئے مریض سامنے آگئے، سب سے زیادہ 13، 13 کورونا کیسز ضلع کوئٹہ اور کیچ سے سامنے آئے، جبکہ صوبے میں کورونا میں مبتلا 15 مریض صحت یاب ہوگئے۔
محکمہ صحت بلوچستان کی جاری رپورٹ کے مطابق ہفتہ کو صوبے میں 441 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے، ان ٹیسٹ کے نتیجے میں صوبے کے 6 اضلاع سے 41 نئے کیسز سامنے آئے، جس کے بعد صوبے میں اب تک کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 17 ہزار737 ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران کورونا میں مبتلا 15مریضوں کے صحت یاب ہونے کے بعد صوبے میں صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 16ہزار 997 ہوگئی جبکہ صوبے میں اس دوران کورونا میں مبتلا دو مریض انتقال کرگئے جس کے بعد صوبے میں کورونا سے انتقال کرجانے والوں کی تعداد 175ہوگئی۔
محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق صوبے کے تعلیمی اداروں میں کورونا کا کوئی ٹیسٹ رپورٹ نہیں ہوا۔
محکمہ صحت کے مطابق کوئٹہ میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 271 ٹیسٹ کیے گئے، اس دوران کورونا کے 13مریض سامنے آئے، کوئٹہ میں آج کورونا کی شر ح 4.8 رہی۔