• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احساس کفالت پروگرام، ملتان میں 77 کروڑ 50 لاکھ تقسیم ہوچکے

ملتان (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر عامر خٹک سے ان کے آفس میں مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے ملاقاتیں کیں۔ملاقات کرنیوالوں میں مالی امداد کے حصول کے لئے آئے ہوئے بزرگ افراد بھی شامل تھے۔ڈپٹی کمشنر نے بزرگ افراد کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لئے موقع پر احکامات جاری کئے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے بتایا کہ حکومت نے احساس کفالت پروگرام اور باہمت بزرگ پروگرام کا آغاز کرکے انقلابی قدم اٹھایا ہے۔احساس کفالت پروگرام کے ذریعےضلع میں ابتک 77کروڑ50لاکھ روپے مستحقین میں تقسیم کئے جا چکے ہیں اور انکم سپورٹ کارڈ رکھنے والے64 ہزار711مستحقین امداد حاصل کرچکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہر کارڈ ہولڈر کو12ہزار روپے کی مالی امداد دی جارہی ہے۔تحصیل ملتان سٹی میں19 ہزار 741 اورصدر میں16ہزار554افراد امداد حاصل کر چکے ہیں جبکہ شجاع آباد میں15ہزار396اور جلالپور پیر والا میں13ہزار سے زائد مستحقین کو امداد فراہم کر دی گئی ہے۔ کیش امداد کی فراہمی کے لئے ضلع میں15 سنٹر قائم کئے گئے ہیں۔عامر خٹک نے بتایا کہ 65سال سے زائد عمر کے افرادکی مالی مدد کے لئے باہمت بزرگ پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ ان افراد کو ماہانہ2ہزار روپے مالی امداد دی جائے گی۔ 2274 بزرگ افراد کا ڈیٹا نادرا نے فراہم کر دیا ہے اور بزرگ افراد کی رجسٹریشن کے لئے4 سنٹر قائم کئے گئے ہیں۔عامر خٹک نے بتایا کہ اب تک469افراد کی رجسٹریشن کرکے انہیں اے ٹی ایم کارڈ جاری کر دئے گئے ہیں جبکہ نادرا کے فراہم کردہ ڈیٹا کے مطابق بزرگ افراد کو اطلاع دیکر سنٹر بلایا جارہا ہے۔
تازہ ترین