اسلام آباد(جنگ رپورٹر)عدالت عظمیٰ نے پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما خورشید شاہ اور ان کے بیٹے فرخ احمد شاہ کیخلاف 1ارب22کروڑ 94لاکھ 40ہزار803روپے کے ظاہری آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق نیب کے ریفرنس میں دائرضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستوں کی سماعت کے دوران ملزمان کے وکیل کی جانب سے کیس کی تیاری کیلئے استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کردی ہے ،جسٹس یحیٰ آفریدی نے کہا کہ اگر آپ ملزمان کے اثاثوں کی وضاحت کرسکتے ہیں ؟تو ہی دلائل دیں،جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس یحی ٰآفریدی پر مشتمل تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی تو ملزمان کی جانب سے رضاربانی ایڈوکیٹ پیش ہوئے ،جسٹس مشیر عالم نے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا آپکے علم میں ہے کہ نیب کے مقدمات میں ملزمان کی ضمانت کی گنجائش بہت کم ہوتی ہے۔