وفاقی کابینہ اجلاس میں اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے سینیٹ الیکشن سے متعلق نوٹ پیش کیا۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ اجلاس میں اٹارنی جنرل خالد جاوید نے سینیٹ انتخابات کے حوالے سے جو رائے دی وہ سامنے آگئی ہے۔
اٹارنی جنرل نے اپنے نوٹ میں کہا کہ سپریم کورٹ کو آئین کی تشریح کا اختیار حاصل ہے، جس کے فیصلے کے مطابق آئین کے آرٹیکل 226 کا اطلاق ہر الیکشن پر نہیں ہوتا۔
خالد جاوید خان نے مزید کہا کہ شو آف ہینڈز کے طریقہ کار پر سینیٹ انتخابات کے لیے کسی آئینی ترمیم کی ضرورت نہیں ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن ایکٹ 2017 میں ترمیم کافی ہوگی، سپریم کورٹ بلدیاتی الیکشن سے متعلق کیس میں شو آف ہینڈز کو درست طریقہ قرار دے چکی ہے۔
اٹارنی جنرل نے یہ بھی کہا کہ وفاقی حکومت مزید وضاحت اور تشریح کے لیے سپریم کورٹ سے ریفرنس دائر کرے۔
خالد جاوید خان نے یہ بھی کہا کہ خفیہ رائےدہی کی پابندی صرف صدر مملکت، اسپیکر اور چیئرمین سینیٹ کے الیکشن کے لیے ہے۔