اسلام آباد(ماریانہ بابر)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا دورہ متحدہ عرب امارات انتہائی اہمیت کا حامل ہے،گزشتہ روز وزیر خارجہ اور وزیراعظم متحدہ عرب امارات شیخ محمد بن راشد المکتوم کی ملاقات میں پاکستانی تارکین وطن کی فلاح و بہبود کے معاملات زیر بحث آئے،وزیر خارجہ نے ایک ٹویٹ میں متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کو پاکستان اور یو اے ای کے درمیان ایک مضبوط پل قرار دیا،یہ ایشو انتہائی اہمیت کا حامل ہے جیسا کہ امارات نے پاکستانیوں کو ورک اور وزٹ سمیت نئے ویزے جاری کرنا روک دیا ہے،اس پریشانی کیساتھ کہ ہزاروں افرادان نوکریوں سے محروم رہ جائینگے ،جو اس پابندی سے مستثنیٰ خطے کے ممالک جیسے بھارت کے لوگ حاصل کر لینگے،تاہم امارات حکومت نے پاکستان کو دبئی ایکسپو 2020میں شرکت کی اجازت دید ی ہے،جس پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایکسپو کے کامیاب انعقاد کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے،اور امارات حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا ہے،دبئی ایکسپو جو وبا کے باعث التواء کا شکار تھی اب اکتوبر 2021میں منعقد ہو گی،اس سے اشارہ ملتا ہے کہ یواے ای ویزا کی چند کیٹیگریز کا اجراء کیا جائیگا،نئے ویزوں پر نومبر میں پابندی لگا دی گئی تھی،لیکن درست ویزا رکھنے والے پاکستانیوں پر اس کا اطلاق نہیں ہوتا ہے،تاہم وزارت خارجہ کےملاقات کے حوالے سے بیان میں نئے ویزا اجراء سے متعلق کچھ نہیں کہا گیا ہے جس سے یہ قیاس ہوتا ہے کہ تاحال پابندی نہیں اٹھائی گئی ہے،وزیر خارجہ نے نائجر میں او آئی سی اجلاس میں اپنے اماراتی ہم منصب سے یہ معاملہ اٹھایا تھا،یو اے ای نے پاکستان ،ایران،شام اور صومالیہ سمیت 13ممالک کے شہریوں کو ویزوں کا اجراء روک دیا تھا۔