خیبرپختونخوا پولیس نے ایک ہی دن میں مردان اور پشاور کو بڑی دہشت گردی سے بچالیا۔
کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ(سی ٹی ڈی) مردان ریجن نے باغیچہ ڈھیر ی کے علاقے میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا۔
ایس پی فضل واحد کے مطابق آپریشن میں 5 افغان دہشت گرد گرفتار کرلیے، جن سے خود کش جیکٹ اور 2 بم برآمد ہوئے۔
پولیس حکام کے مطابق دہشت گردوں سے 5 دستی بم، 2 کلاشنکوف اور 3 پستول بھی ملے ہیں۔
سی ٹی ڈی پولیس کے مطابق دہشت گردوں کو بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کی ہدایت پر خیبرپختونخوا بھیجا گیا تھا۔
اس سے قبل خیبر کے علاقے سپاہ میں مکان پر چھاپے کے دوران کالعدم لشکر اسلام کے کمانڈر ذاکر آفریدی کو 3 دہشت گردوں سمیت گرفتار کرلیا تھا۔
دہشت گردوں کے قبضے سے 3 خود کش جیکٹس اور 6 دیسی ساختہ بم بھی برآمد ہوئے تھے۔
گرفتار دہشت گردوں کی نشاندہی پر بڈھ بیر سے ان کے 8 سہولت کار بھی حراست لیے گئے تھے۔