• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی مایوسی مضحکہ خیز سطح پر پہنچ چکی، معید یوسف


وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف نے کہا ہے کہ بھارت کی مایوسی مضحکہ خیز سطح پر پہنچ چکی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں معید یوسف نے کہا کہ بھارت کی پاکستان کے خلاف سرجیکل اسٹرائیک منصوبے سے متعلق قابل اعتماد اطلاعات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی پاکستان کے خلاف ریاستی دہشت گردی کا پروپیگنڈا بے نقاب ہوگیا، پڑوسی ملک کا پاگل پن ہوگا اگر وہ خود دار قوم پر حملہ آور ہو۔


وزیراعظم کے معاون خصوصی نے مزید کہا کہ بھارت کے مذموم مقاصد سے دنیا کو آگاہ کردیا ہے، بہت سے ممالک بھارت کے مذموم مقاصد سے پہلے ہی آگاہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا کو یاد دلانا چاہتے ہیں کہ امن ایک مشترکہ ذمے داری ہے، دنیا کو چاہئے بھارت کو خطے کا امن تباہ کرنے سے روکے۔

معید یوسف نے یہ بھی کہا کہ ہماری افواج دشمن کو بھرپور جواب دینے کیلئے تیار ہیں، بھارت اپنے ہوش کھو بیٹھا ہے کیا وہ 2019ء کا جواب بھول گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یقیناً بھارت اس وقت ناخوش ہے، اس کی مایوسی مضحکہ خیز سطح تک پہنچ چکی ہے، ہم نے دنیا کو آگاہ کردیا کہ پاکستان بھارت کے عزائم خوب جانتا ہے۔

تازہ ترین