حیدرآباد (بیورو رپورٹ)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ایک الگ آپشن کے طور پر جدوجہد کررہی ہے ‘ ہماری جدوجہد مہنگائی بے روزگاری کے خلاف ہے‘عوام کے پاس جماعت اسلامی کے علاوہ ددسرا آپشن موجود نہیں ‘ جماعت اسلامی ہی نظام مصطفیٰﷺقائم کر کے حقیقی تبدیلی لا سکتی ہے‘ حکومت سینیٹ کے الیکشن قبل ازوقت کرانا چاہتی ہے تو قومی اسمبلی کے الیکشن بھی قبل ازوقت کروانا چاہے۔ اس حکومت کا ہر دن پہلے سے بدتر ہے‘ حکومت شو آف ہینڈ اس لئے کرانا چاہتی ہے کہ اسے اپنے ممبران پر اعتبار نہیں ہے، سینیٹ الیکشن قبل از وقت ہوسکتے ہیں تو قومی اسمبلی کے کیوں نہیں ؟ وزیراعظم کو اپنے اراکین پارلیمنٹ پر اعتبار نہیں رہا ،حکومت کو سینیٹ الیکشن میں طریقہ کار کی تبدیلی کی اشد ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے لاکھا مسجد کھوکھر محلہ میں نماز جمعہ کے خطبہ کے بعد میڈیا سے بات چیت کر تے ہوئے کیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ شفاف انتخابات وقت کی اہم ضرورت ہیں‘پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم میں کوئی فرق نہیں ہے پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم میں کوئی اصولی اختلاف نہیں ہے۔پی ٹی آئی حکومت نے 950 دن میں ملک کو دلدل میں ڈھکیل دیا ہے۔