وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے 3 کے سوا تمام پولیس ناکے ختم کردیے گئے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید سے آئی جی اسلام آباد پولیس عامر ذوالفقار نے ملاقات کی۔
آئی جی اسلام آباد نے پولیس کی 23 دسمبر کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کے انتظامات پر وزیرداخلہ کو بریفنگ دی۔
اعلامیے کے مطابق شیخ رشید اور عامر ذوالفقار کی ملاقات میں اسلام آباد پولیس کی تنخواہوں، مراعات اور رہائش کے مسائل پر بات چیت کی۔
آئی جی اسلام آباد نے اس موقع پر وزیر داخلہ کو وفاقی دارالحکومت سے پولیس چیک پوسٹوں کے خاتمے سے بھی آگاہ کیا۔
عامر ذوالفقار نے کہا کہ اسلام آباد سے 3 کے سوا تمام پولیس ناکے ختم کردیے گئے ہیں اور ریڈزون کے صرف 3 سیکیورٹی ناکے برقرار رکھے گئے ہیں۔
شیخ رشید نے دوران گفتگو کہا کہ شہریوں کی آمد و رفت آسان بنانے کے لیے پولیس ناکوں کو ختم کیا۔
انہوں نے آئی جی اسلام آباد کو ہدایت کی کہ شہریوں کی جان اور مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔