ایڈیلیڈ (آئی این پی، جنگ نیوز) ہفتہ کے روز ایڈیلیڈ اوول میں آسٹریلیا کے خلاف ڈے نائٹ پہلے ٹیسٹ کے تیسرے دن کے ابتدائی سیشن میں بھارتی ٹیم محض 36 رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی،یہ بھارت کا اس کی ٹیسٹ کرکٹ کی 88 سالہ تاریخ کا کم ترین اسکور ہے۔ بھارتی کپتان کوہلی سمیت پوری ٹیم میں سے کوئی بھی بلے باز ڈبل فیگرمیں داخل نہ ہو سکا۔ ٹیسٹ کی تاریخ میں یہ پہلی مرتبہ ہے کہ کسی ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہیں ہوسکا ہے ۔ بھارتی ٹیم 1974ء میں انگلینڈ کے خلاف 42 رنز پر آوٹ ہوئی تھی۔ بھارت نے ٹیسٹ کرکٹ کا 118 سال پرانا ریکارڈ بھی برابرکردیا ہے، اس سے قبل مئی 1902ء میں آسٹریلیا کی ٹیم انگلینڈ کے خلاف ایشیز ٹیسٹ میں برمنگھم کے مقام پر 36 رنز بنا کر پوویلین لوٹی تھی۔