• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیئرمین نیب اگر نہیں آتے تو قانون کے مطابق کارروائی کریں گے، سلیم مانڈوی والا


ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کا کہنا ہے کہ نیب لوگوں کو اتنا ٹارچر کرتی ہے کہ لوگ بے بس ہوجاتے ہیں، چیئرمین نیب اگر نہیں آتے تو قانون کے مطابق کارروائی کریں گے۔

 سلیم مانڈوی والا نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب سوسائٹیوں میں بھی چلی گئی ہے،  یہ لوگوں کو بے بس کردیتے ہیں کہ آپ پلی بارگین کریں۔

ڈپٹی چیئرمین نے کہا کہ نیب آرڈیننس میں ترمیم نہ کرنا سیاسی جماعتوں کی ناکامی ہے، بزنس مین کا نیب سے کیا لینا دینا ہے۔

سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ استعفے دینے کا فیصلہ سیاسی جماعتوں کا ہے، اگر سیاسی جماعتیں سمجھتی ہیں کہ یہ صحیح ہے تو ٹھیک ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کی پارلیمنٹس میں عدم اعتماد ہوتا ہے استعفے کوئی انہونی بات نہیں ہے۔

سلیم مانڈوی والا کا کہنا تھا کہ سینیٹ کے الیکشن کے شیڈول کو کوئی تبدیل نہیں کرسکتا، مارچ میں سینیٹرز ریٹائر ہوں گے تو شیڈول آئے گا، باقی جو مرضی کہتے رہیں۔

ڈپٹی چیئرمین نے کہا کہ  حکومتی وزرا ء کہہ رہے ہیں ہم مذاکرات کرنا چاہتے ہیں، اگر ہر کوئی چور ڈاکو ہے ساری پارلیمنٹ گھر چلی جائے۔

سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ  ہر ادارے کو اپنے ملازمین کا خود احتساب کرنا چاہیے، اگر پارلیمنٹرین پر الزام آئے گا تو پارلیمنٹ ان کا احتساب کرے۔

انہوں نے کہا کہ  سینیٹ کمیٹی میں نہیں آئیں گے تو ان کے وارنٹ جاری کریں گے، سینیٹ کمیٹی کسی کے بھی وارنٹ جاری کرسکتی ہے۔


سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ ماضی میں وارنٹ جاری کیے گئے تو وہ لوگ وارنٹ ملنے سے پہلے پیش ہوگئے۔

ڈپٹی چیئرمین نے کہا کہ نیب کی ٹیم کہتی ہے کہ سوسائٹیوں کی گورننگ باڈی میں ہمارے لوگ رکھیں، اگر ضرورت پڑی تو میڈیا کے سامنے حقائق لاؤں گا۔

سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ اینٹی کرپشن اور ایف آئی اے کی کوئی ویلیو نہیں رہی، سارے ادارے بند کرکے نیب کو انچارج بنادیں۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کسی شخص کو سینٹ کمیٹی میں بلانے کیلئے وارنٹ جاری کرسکتے ہیں۔

تازہ ترین