اسلام آباد (زاہد گشکوری) پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف نے تفتیش کاروں کو آگاہ کیا ہے کہ رمضان شوگر ملز لمیٹڈ (آر ایس ایم ایل) سے جڑے ان کے خاندان کے کاروبار / سرمایہ کاری سے ان کا کوئی واسطہ نہیں ہے۔ پاکستان مسلم لیگ نون کے مختار کل نے یہ انکشاف 18 دسمبر 2020 کو کوٹ لکھپت جیل میں وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی تفتیشی ٹیم کے سامنے کیا۔ شہباز شریف نے ایف آئی اے ٹیم کے ذریعہ پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ نا تو میں ڈائریکٹر / شیئر ہولڈر رہاہوں اور نا ہی میں نے کبھی رمضان شوگر ملز لمیٹڈ سے کوئی تنخواہ یا منافع حاصل کیا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ اس ایف آئی آر میں لگائے گئے الزامات جعلی اور من گھڑت ہیں۔ یہ من گھڑت الزامات بالکل اسی طرح سے ہیں جو نیب نے جعلی ٹی ٹیز یا منی لانڈرنگ ریفرنس میں بنائے تھے جو اس وقت نیب احتساب عدالت میں زیر سماعت ہیں۔ یہ انکشافات بظاہر شہباز شریف کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں جمع کرائے گئے اثاثوں کے اعلان کے منافی ہیں جہاں انہوں نے بتایا تھا کہ ان کے آر ایس ایم ایل میں 64 لاکھ شیئرز ہیں جو ان کے خاندان کے ارکان کی جانب سے دئیے گئے تھے۔