• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مولانا شیرانی کے پارٹی قیادت پر الزامات، JUI نے اجلاس بلالیا


جمعیت علمائے اسلام کے سینئر رہنماء اور سابق چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل مولانامحمد خان شیرانی کی جانب سے جے یو آئی (ف) کی اعلیٰ قیادت پر الزامات کے معاملے پر اعلیٰ سطح کا پارٹی اجلاس اسلام آباد میں طلب کر لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق جے یو آئی (ف) نے اعلیٰ سطح کا اجلاس 24 دسمبر کو اسلام آباد میں طلب کیا ہے، پارٹی مولانا شیرانی کے بیان کے معاملے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات بھی کرے گی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ جے یو آئی (ف) سے مولانا شیرانی کی ناراضگی اچانک سامنے آئی ہے،جبکہ مولانا شیرانی نے مولانا فضل الرحمٰن کے امیر کے چناؤ کے وقت بھی کوئی اعتراض نہیں کیا تھا۔

مولانا شیرانی نے جے یو آئی (ف) کے بلوچستان کے صوبائی امیر کیلئے الیکشن بھی لڑا تھا ۔

واضح رہے کہ جےیوآئی کے سینئر رہنماء اور سابق چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل مولانامحمد خان شیرانی نے اپنے ایک بیان مین کہا ہے کہ موجودہ پی ڈی ایم ذاتی مفادات کےلئے قائم ہوئی ہے، پی ڈی ایم والےمخاصمت کیلئےنہیں مفاہمت کیلئےاکٹھے ہوئےہیں۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فصل الرحمٰن خودسیلکٹیڈ ہیں، وہ عمران خان کو کیسے کہتے ہیں کہ وہ سیلکٹیڈہے۔

مولاناشیرانی کا مزید کہنا تھا کہ میں نے بہت پہلے کہا تھا عمران خان اپنے پانچ سال مکمل کرے گا، آنےوالے پانچ سال بھی عمران خان کے ہی ہوں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حافظ حسین احمد ہمارا پرانا، عقلمند اور سمجھدار ساتھی ہے، سب کے ساتھ رابطے میںہیں،میرا ماننا ہےکہ یہ پارٹی کسی کی ذاتی جاگیر نہیں ، اگر کوئی ایسا سوچ رہاہے تو یہ اس کی خام خیالی ہے۔

مولانامحمد خان شیرانی نے کہا کہ میں اپنے ساتھیوں سے مشورہ کرکے بلوچستان کےتمام اضلاع میں پارٹی کےدفاتر قائم کروں گا۔

تازہ ترین