سینئر رہنماء جے یو آئی، سابق چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل مولانا محمد خان شیرانی کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان خود سلیکٹڈ ہیں، وہ عمران خان کو کیسے کہتے ہیں کہ وہ سیلکٹڈ ہے۔
سینئر رہنماء جے یو آئی، سابق چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل مولانا محمد خان شیرانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ پی ڈی ایم ذاتی مفادات کےلیے قائم ہوئی ہے، پی ڈی ایم والےمخاصمت کے لیے نہیں بلکہ مفاہمت کے لیے اکٹھے ہوئےہیں۔
مولانامحمد خان شیرانی نے کہا کہ میں نے بہت پہلے کہا تھا کہ عمران خان اپنے پانچ سال مکمل کرے گا، آنے والے پانچ سال بھی عمران خان کے ہی ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ میرا ماننا ہےکہ یہ پارٹی کسی کی ذاتی جاگیر نہیں ہے، اگر کوئی ایسا سوچ رہاہے تو یہ اس کی خام خیالی ہے، میں اپنے ساتھیوں سے مشورہ کرکے بلوچستان کے تمام اضلاع میں پارٹی کے دفاتر قائم کروں گا۔
مولانا شیرانی نے کہا کہ حافظ حسین احمد ہمارا پرانا، عقلمند اور سمجھدار ساتھی ہے، سب کے ساتھ رابطے ہیں، کورونا وائرس کسی قسم کی کوئی بیماری نہیں ہے، یہ نیو ورلڈ آرڈر کی ریہرسل ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھرمیں نیو ورلڈ آرڈر کو دو شکلوں میں مسلط کیا جارہا ہے، نیو ورلڈ آرڈر کی دو شکلیں ہیں، ایک ون ورلڈ آرڈر اور دوسرا ون ورلڈ ریلیجیئن۔