• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی نے وزیراعلیٰ سندھ کو نالائق اعلیٰ قرار دیدیا

تحریک انصاف سندھ کی قیادت نے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کو نالائق اعلیٰ قرار دے دیا۔

کراچی میں قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی نےخرم شیر زمان کے ہمراہ پریس کانفرنس کی اور کہا کہ 13سال میں پی پی کے 13 وزیر بلدیات تبدیل ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو ان نالائقوں کو 50 فائر ٹینڈر دینے پڑے، صوبے کے اندر کسی محکمے کا برا حال ہے تو وہ تعلیم ہے۔

اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی نے مزید کہا کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی صوبائی ٹیم کے لیے ڈوب مرنے کا مقام ہے۔


ان کا کہنا تھا کہ پی پی سندھ کے مردوں سے اچھا کام تو ان کی خواتین کرسکتی ہیں۔

فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ فہمیدہ مرزا کو کل سندھ دشمن کہا گیا، مطلب یہ ہے کہ جسے شعور آگیا وہ سندھ دشمن ہے، یعنی کراچی اور حیدرآباد والوں کو شعور آیا تو وہ سندھ دشمن ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ سعید غنی نے قوم کو 12 ارب کے ٹیکے کی بات کی انہوں نے کہا میں نے سنا ہے، صوبائی وزیر نے کہیں بھی شاہد خاقان عباسی یا قطر کے ساتھ معاہدے کا ذکر نہیں کیا۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ان کی پارٹی کا وعدہ تھا روٹی، کپڑا اور مکان دینے کا، اب یہ کہتے ہیں عمران خان نے لوگوں کو گھر نہیں دیے۔

ان کا کہنا تھاکہ آج 70 سالہ تاریخ میں آسان شرائط پر قرض دیا جارہا ہے، مراد علی شاہ اور سعید غنی کی وجہ سے سندھ والے اس اسکیم سے محروم ہیں۔

فردوس شمیم نقوی نے مزید کہا کہ کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت تمام ہی صوبوں میں صحت کارڈ دیے جارہے ہیں، سندھ کے لوگ صوبائی حکومت کی وجہ سے محروم ہیں۔

خرم شیر زمان نے دوران گفتگو کہا کہ کورونا وائرس کی صورتحال میں نالائقوں کا سربراہ صوبہ چھوڑ کر بھاگا ہوا ہےجبکہ اسپتالوں میں لوگ مررہے ہیں، سندھ میں ڈاکٹرز تک نہیں ہیں۔

انہوں نے کہاکہ سروے کے مطابق سندھ میں لوگ صفائی کے نظام سے محروم ہیں۔

تازہ ترین