• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد پہنچ کر وزیراعظم عمران خان سے استعفیٰ چھین لیں گے، بلاول بھٹو زرداری


پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم اسلام آباد پہنچ کر وزیراعظم عمران خان سے استعفیٰ چھین لیں گے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں پی پی چیئرمین نے کہا کہ سب جماعتیں متحد ہیں کہ وزیراعظم کو نکالیں، حکومت کو تکلیف ہوتی ہے تو ہمیں مزہ آتا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ حکومت کے خلاف لانگ مارچ تو ہونا ہی ہونا ہے، اس کے حوالے سے حتمی فیصلہ اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کی قیادت کرے گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ میں عوام کو ساتھ لے کر جائیں گے اور اسلام آباد پہنچ کر استعفے چھین کر لیں گے۔


انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے حکومت سے کوئی مذاکرات نہیں چل رہے کیونکہ بات چیت کا وقت چلا گیا، اب مذاکرات تب ہی ہوں گے جب یہ وزیراعظم نہیں ہوگا۔

پی پی چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ ہم عوام کو ریلیف دلانے اور عمران کا استعفیٰ لینے نکلے ہیں، عوام اسلام آباد پہنچیں گے تو یہ وزیراعظم نہیں بچ سکے گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے دور میں نہ میڈیا آزاد ہے اور نہ ہی پارلیمان، وزیراعظم عوام کے مسائل حل نہیں کرسکے انہیں استعفیٰ دے دینا چاہیے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جیل میں شہباز شریف سے تعزیت کے لیے گیا تھا، جو باتیں میڈیا میں چل رہی ہیں، یہ باتیں اس ماحول میں اور پولیس کے سامنے نہیں ہوسکتیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام اپنے مسائل حل نہ ہونے پر خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں، ہم تاریخی مہنگائی اور بیروزگاری کا مقابلہ کر رہے ہیں۔

پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ آپ اپنے کسان سے خریداری نہیں کررہے اور دنیا سے مال منگوا رہے ہیں، پیپلز پارٹی کے پاس عوام کے مسائل کا حل ہے، ہم نے اپنے دور اقتدار میں عوام کو اکیلا نہیں چھوڑا تھا۔

اُن کا کہنا تھا کہ دلاور بٹ پیپلز پارٹی کے بہادر اور حقیقی جیالے تھے، جنہوں نے ہر آمر کا مردانہ وار مقابلہ کیا۔

تازہ ترین