کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی و دیگر کے خلاف ٹریڈ ڈولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان(ٹڈاپ) میں میگا کرپشن کیس میں ملزمان کو آئندہ سماعت پر حاضری یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے پچیس سے زائد کاروباری شخصیات کے ایک بار پھر ورنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ عدالت نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو حکم دیا کہ ملزموں کو آئندہ سماعت پر گرفتار کرکے پیش کیا جائے۔ منگل کو وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ میں ٹڈاپ میں اربوں روپے کی کرپشن کے 26 مقدمات کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے موقع پر سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ دوران سماعت مفرور ملزمان کو گرفتار کرکے پیش نہیں کیا جاسکا۔