اسلام آباد (اے پی پی)احتساب عدالت کے جج سید اصغر علی کی عدالت میں زیر سماعت سابق وفاقی وزیر احسن اقبال وغیرہ کیخلاف نارووال اسپورٹس سٹی کمپلیکس ریفرنس میں ملزمان پر فردجرم عائد کردی گئی۔ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا، عدالت نے گواہوں کو طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 12جنوری تک کیلئے ملتوی کردی۔ منگل کے روز سماعت کے دوران احسن اقبال نے فرد جرم سے پہلے فرد جرم پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہاکہ جج نے پہلے دیکھنا ہوتا ہے یہ کیس بنتا بھی ہے یا نہیں،جج صرف پراسیکیوشن کی بات سن کر نہیں کرتا ہے، جس پر عدالت کے جج نے احسن اقبال کو بات کرنے سے روکتے ہوئے کہاکہ ہم یہاں ایسی باتیں سننے نہیں بیٹھے ہوئے، آپ نے کوئی درخواست دائر کرنی تو کریں یا اپنے وکیل کے ذریعے بات کریں۔