کراچی (اسٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ نے ریمارکس دیئے ہیں کہ اگر عمر قید کے ملزم کو آٹھ سال میں رہا کررہے ہیں تو آپ ریاست کو دھوکا دے رہے ہیں، یہ ہمارے کریمنل جسٹس سسٹم پر سوالیہ نشان ہے ، سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے پورٹ اینڈ شپنگ وزارت سمیت چیئرمین پورٹ قاسم اور دیگر کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر دو روز میں ڈپٹی اٹارنی اور پورٹ قاسم حکام سے رپورٹ طلب کر لی، عدالت عظمیٰ نے شکار پور سے دو بچیوں کے مبینہ اغواء سے متعلق کیس میں پولیس حکام کو بچیوں کی بازیابی کیلئے 2 ماہ کی مہلت دیدی۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں مختلف مقدمات کی سماعت ہوئی۔ سپریم کورٹ نے عمر قید کے قیدی کو 8 سال میں رہا کرنے کے معاملے پر ملزم شیخ ریاض کو ملنے والی معافیوں اور رعایت کی تصدیق کا حکم دیدیا۔ عدالت نے ہدایت دی ہے کہ سیشن جج شرقی پانچ ہفتے میں تصدیق کرکے رپورٹ پیش کریں۔ منگل کو سپریم کورٹ دوران سماعت عمر قید کا مجرم 8 سال میں رہا ہونے پر سپریم کورٹ کا حیرت کا اظہار کیا۔ وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا کہ منشیات کیس میں شیخ ریاض کو عمر قید کی سزا سنائی گئی مختلف نوعیت کی معافیاں اور رعایت ملنے پر ملزم 8 سال میں رہا ہوگیا ملزم کو مجموعی طور پر 13 سال کی معافیاں اور رعایت ملی۔