• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکمانہ کارروائی کا سامنا کرنیوالے سرکاری ملازمین کا ریکارڈ سامنے آگیا

کریمنل کیسز میں محکمانہ کارروائیوں کا سامنا کرنے والے سرکاری افسران و ملازمین کا سندھ ہائی کورٹ میں جمع کرایا گیا ریکارڈ ’جیونیوز‘ نے حاصل کر لیا۔

’جیو نیوز‘ نے کریمنل کیسز میں محکمانہ کارروائی کاسامنا کرنے والے 317 افسران و ملازمین کا ریکارڈ حاصل کیا ہے۔

یہ ریکارڈ سندھ ہائی کورٹ میں عدالتی حکم پر سندھ حکومت کی جانب سے جمع کرایا گیا تھا، تاہم سندھ حکومت 3 محکموں کا مکمل ریکارڈ جمع کرانے سے گریزاں ہے۔

دستاویزات کے مطابق سندھ حکومت نے محکمۂ صحت، بلدیات اور اسکول ایجوکیشن کا ریکارڈ جمع نہیں کرایا، کریمنل ریکارڈ رکھنے والے 126 افسران ابھی بھی مختلف محکموں میں براجمان ہیں۔

دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ کریمنل ریکارڈ رکھنے والے ان اہلکاروں میں سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے 6 افسران شامل ہیں۔

دستاویزات کے مطابق ان میں محکمۂ فوڈ کے 28، ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ کے 19، محکمۂ لائیو اسٹاک اینڈ فشریز کے 5، ورکس ڈیپارٹمنٹ کے 4، پبلک ہیلتھ کے 9 افسران، محکمۂ دیہی ترقی کے 11، محکمۂ زراعت کے 32 افسران، بورڈ آف ریونیو کے 7 اور محکمۂ اطلاعات کے 4 افسران اس فہرست میں شامل ہیں۔


دستاویزات میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کریمنل کیسزکا سامنا کرنے والے افسران و ملازمین تاحال عہدوں پر براجمان ہیں۔

دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ سندھ کے 191 افسران و ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی جاری ہے، سیکریٹری سطح کے 18 افسران سندھ پبلک سروس کمیشن کاامتحان دئیے بغیر کام کر رہے ہیں۔

دستاویزات میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ محکمۂ خوراک کے 131 افسران کے خلاف ، محکمۂ ایریگیشن کے 7، پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ کے 4 محکمۂ زراعت کے 8، پبلک ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے 5، ورکس اینڈ سروسز کے 13 اور محکمۂ جنگلات اور بہبودِ آبادی ایک ایک افسر کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔

تازہ ترین