• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینیٹ الیکشن کیلئے اوپن بیلٹ، حکومت نے سپریم کورٹ سے رائے مانگ لی، ریفرنس دائر

اسلام آباد(اے پی پی‘جنگ نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 186 کے تحت سپریم کورٹ میں ریفرنس بھجوانے کی وزیرِ اعظم کی تجویز کی منظوری دے دی اور ریفرنس پر دستخط کر دیئےجس کے بعد حکومت نے سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے کرانے کے لیے ریفرنس سپریم کورٹ میں دائر کردیا ہے۔

وفاقی حکومت نے ریفرنس میں کہا ہے کہ خفیہ انتخاب سے الیکشن کی شفافیت متاثر ہوتی ہے اس لیے سینیٹ کے انتخابات اوپن بیلٹ کے ذریعے منعقد کرانے کا آئینی و قانونی راستہ نکالا جائے۔ 

وزیرِ اعظم کی تجویز پر سینیٹ کے الیکشن اوپن بیلٹ /شو آف ہینڈز کے ذریعے کرانے کے عوامی اہمیت کے معاملے پر صدر نے سپریم کورٹ کی رائے مانگی ہے۔ 

بدھ کو یہاں ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق ریفرنس میں آئین میں ترمیم کیے بغیر الیکشن ایکٹ 2017ء کے سیکشن (6) 122 میں ترمیم کرنے پر سپریم کورٹ کی رائے مانگی گئی ہے۔ 

وفاقی کابینہ اس معاملے پر 15دسمبر کو سپریم کورٹ سے رائے لینے کی منظوری دےچکی ہے۔جنگ نیوز کے مطابق حکومتی ریفرنس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہےکہ سینیٹ انتخابات کا طریقہ کار آئین میں واضح نہیں ہے۔

سینیٹ کا انتخاب الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت کرایا جاتا ہے، سینیٹ کا الیکشن اوپن بیلٹ کے تحت ہوسکتا ہے اور اوپن بیلٹ سے سینیٹ الیکشن میں شفافیت آئے گی۔

تازہ ترین