ضلع سانگھڑ کے گاؤں میں پرانے مارٹر گولے کے دھماکے کا مقدمہ کھپرو تھانے میں درج کرلیا گیا ہے، دھماکے میں خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
پولیس کے مطابق سرکاری مدعیت میں درج کی گئی ایف آئی آر میں قتل بالسبب کی دفعہ لگائی گئی ہے۔
واقعہ 21 دسمبر کو گاؤں مورہڈٰی کے ایک گھر میں پیش آیا جس میں ایک 22 سالہ شخص کے علاوہ خاتون اور ایک 6 سالہ بچہ جاں بحق ہوئے تھے۔
ذرائع کے مطابق بچے ریت میں دبے پرانے مارٹر گولے کو گھر لے آئے تھے اور ایک مارٹر گولہ توڑنے کی کوشش کے دوران دھماکہ ہوگیا تھا۔
واقعہ کے بعد سیکیورٹی اہلکار اور بم ڈسپوزل ٹیم موقع پر پہنچی تو پتا چلا کہ گھر میں دو مزید مارٹر گولے موجود ہیں جو پھٹ نہیں سکے تھے، جس کے بعد دونوں مارٹر گولوں کو ناکارہ بنایا گیا، پولیس واقعہ کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔