• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب میں دھند ، موٹرویز کے بیشتر سیکشن بند


پنجاب میں دھند کی شدت کے باعث لاہور سیالکوٹ موٹر وے، لاہور سے سمندری، کوٹ مومن اورفیصل آباد تک موٹروے بند کردی گئی ہیں ۔

موٹر وے پولیس کے مطابق موٹروے ایم 2 لاہور سے کلر کہار تک دھند کی وجہ سے بند ہے،قومی شاہراہ پر ٹھوکر، چوہنگ، موہلنوال، مانگا منڈی اور مراکہ میں بھی دھند موجود ہے جبکہ موٹروے ایم تھری لاہور سے درخانہ تک شدیددھندکی وجہ سے بند ہے۔

ترجمان موٹر وے پولیس سیدعمران احد کاکہنا ہے کہ ایم فور پنڈی بھٹیاں سے ٹوبہ ٹیک سنگھ تک دھند کی وجہ سے بند ہے ، پتوکی، جمبر، رینالہ خورد اور اوکاڑہ میں بھی دھند ہے۔

موٹر وے پولیس نے بتایا کہ قومی شاہراہ پر کسووال، اقبال نگر اور میاں چنوں سمیت خانیوال ، شام کوٹ، خانیوال اور ملتان کے علاقوں میں دھند ہے اور بستی ملوک لودھراں، بہاولپور اور مسافر خانہ میں دھند چھائی ہوئی ہے۔

ترجمان کاکہنا تھا کہ دھند کے باعث حد نگاہ صفر سے 50سے میٹر تک ہے، ڈرائیورز آگے اور پیچھےدھند والی لائٹس کا استعمال کریں، غیرضروری سفر ، تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق شرقپور میں دھند کے باعث 12 گاڑیاں ٹکرا گئیں، حادثے میں نوجوان اور خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب فیصل آباد شہر اور گردونواح میں شدید دھند چھائی ہوئی ہے اور حد نگاہ 150 میٹر رہ گئی ہے۔

تازہ ترین