• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بانی پاکستان بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی ایک ٹک ٹاک ویڈیو سوشل میڈیا پر بہت مقبول ہورہی ہے جس میں وہ باغ میں چہل قدمی کرتے دکھائی دہے رہے ہیں۔ 

برصغیر کے مسلمانوں کو پاکستان کی صورت میں ایک آزاد وطن دینے والے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا آج 145 واں یوم ولادت منایا جارہا ہے۔

اس موقع پر گزشتہ رات 12 بجے سے ہی ٹوئٹر پر قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ پیدائش کے مختلف ہیش ٹیگز ٹاپ ٹرینڈ ہیں جن کے ذریعے صارفین بابائے قوم کی مختلف یادگار ویڈیوز اور تصویریں شیئر کر رہے ہیں۔

انہی ویڈیوز میں قائداعظم محمد علی جناح کی ایک ٹک ٹاک ویڈیو بھی خوب وائرل ہورہی ہے یعنی کسی صارف نے بانی پاکستان کی وہ نایاب ویڈیو ٹک ٹاک ویڈیو میں تبدیل کی ہے جس میں بابائے قوم باغ میں چہل قدمی کر رہے ہیں۔

مذکورہ ٹک ٹاک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح سیاہ رنگ کے کوٹ پینٹ میں ملبوس ہیں اور وہ باغ میں چہل قدمی کرتے ہوئے خوبصورت پھولوں کا جائزہ بھی لے رہے ہیں۔

ٹوئٹر پر مقبول اس ٹک ٹاک ویڈیو کے بیک گراؤنڈ میوزک میں معروف گلوکارہ فریحہ پرویز کا مشہور ملی نغمہ ’یوں دی ہمیں آزادی‘ چل رہا ہے۔

صارفین کی بڑی تعداد اس خوبصورت ویڈیو کو سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر شیئر کر رہی ہے۔

خیال رہے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا آج 145 واں یوم پیدائش منایا جارہا ہے۔

قائد اعظم محمد علی جناح نے ابتدائی تعلیم سندھ مدرستہ الاسلام میں حاصل کی جبکہ میٹرک کا امتحان جامعہ ممبئی سے پاس کیا اور بعد ازاں اعلیٰ تعلیم کے حصول کی خاطر لندن روانہ ہوگئے۔

انہوں نے1895میں لندن کی یونیورسٹی سے19برس کی عمر میں لاء کی ڈگری حاصل کر کے کم عمر ترین ہندوستانی قانون دان کا اعزاز حاصل کیا اور کچھ ہی عرصے بعد ہندوستان واپس آکر باقاعدہ طور پر وکالت کا آغاز کیا جہاں ان کا شمار نامور وکلاء میں کیا جانے لگا۔

قائد اعظم محمد علی جناح نے 1896میں سیاسی زندگی کا آغاز کرتے ہوئے انڈین نیشنل کانگریس میں باقاعدہ شمولیت اختیار کی لیکن کچھ عرصے بعد انہیں احساس ہوا کہ کانگریس صرف ہندوؤں کی نمائندہ جماعت ہے جہاں مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک برتا جاتا ہے۔

بالآخر ان کی جدوجہد رنگ لائی اور 14اگست 1947کو برصغیر کے مسلمانوں کا علیحدہ وطن کا خواب شرمندۂ تعبیر ہوا جس کا نام پاکستان رکھا گیا۔

آزادی کے بعد قائد اعظم کی طبیعت ناساز رہنے لگی اور کئی بیماریوں سے لڑتے لڑتے بالآخر 11ستمبر 1948 کو ملت کا یہ روشن ستارہ دار فانی سے کوچ کرگیا لیکن رہتی دنیا تک یہ قوم اپنے عظیم قائد کی احسان مند رہے گی۔

تازہ ترین