مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز اپنے والد اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی سالگرہ پر افسردہ ہوگئیں۔
مریم نواز نے اپنے والد نواز شریف کی سالگرہ کے موقع پر اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک جذباتی پیغام جاری کیا ہے۔
مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے اپنے پیغام میں والد سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’آج آپ کی سالگرہ ہے اور میں آپ سے مل نہیں سکتی مگر مجھے حوصلہ اس بات کا ہے کہ میں آپ کے نظریات اور جدوجہد پر ثابت قدمی سے کھڑی ہوں۔‘
مریم نواز نے کہا کہ ’الحمدُللّہ میرے قدم اس راستے سے ڈگمگائے نہیں جس راستے پر آپ اپنی قوم کے لیے چل رہے ہیں۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’اللّہ کرے ہماری اگلی ملاقات آپ کی مکمل صحت کے ساتھ ہو۔‘
آخر میں مریم نواز نے محبت بھرے انداز میں کہا کہ ’سالگرہ مبارک ہو ابو‘ اور اس کے ساتھ ہی دل والے ایموجی کا اضافہ بھی کیا۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ نون کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف آج اپنی 71ویں سالگرہ منارہے ہیں۔