مسلم لیگ نون کی نائب صدر اور سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کہتی ہیں کہ نواز شریف کی بیٹی ہونا اُن کے لیے ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔
مریم نواز نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنے والد میاں نواز شریف کے لیے خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’میں آپ کی بیٹی بھی ہوں اور آپ کے سیاسی نظریے، بصیرت کی پیروکار بھی ہوں۔‘
اُنہوں نے والد سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ کی بیٹی ہونا میرے لیے ایک اعزاز بھی ہے اور ایک عظیم ذمے داری بھی ہے۔‘
مریم نواز نے والد کے لیے دُعا کرتے ہوئے کہا کہ ’ایک بیٹی کی حیثیت سے اپنے والد اور ایک کارکن کے طور پر اپنے قائد کے لیے دعا گو ہوں کہ اللّہ تعالی آپ کا سایہ پاکستان اور ہم سب پر تادیر قائم رکھے۔ آمین۔‘
خیال رہے کہ اس سے قبل ملیحہ نامی ٹوئٹر صارف نے مریم نواز کو نواز شریف کی طاقت قرار دیا تھا۔
ٹوئٹر صارف کے اس خطاب پر مریم نواز نے جواباََ کہا تھا کہ ’صرف میں نہیں بلکہ ہم سبھی لوگ نواز شریف کی طاقت ہیں۔‘
واضح رہے کہ مسلم لیگ نون کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف آج اپنی 71ویں سالگرہ منارہے ہیں۔