• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں کرسمس کا تہوارمذہبی جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے، مسیحی برادری گرجاگھروں میں عبادتوں میں مصروف ہیں، کیک کاٹے جا رہے ہیں اور کرسمس ٹری کو خوبصورتی سے سجا کر تحفے تحائف دینے کا سلسلہ جاری ہے۔

ملک بھر میں کرسمس کے موقع پر گرجا گھروں اور مسیحی برادری کے رہائشی علاقوں میں سیکیورٹی کے سخت اور خصوصی انتظامات کیئے گئے ہیں۔

گرجا گھروں میں کورونا وائرس کی وباء کے پیشِ نظر ایس او پیز کا خیال بھی رکھا گیا ہے۔

ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں بھی کرسمس کی تقریبات گزشتہ شب سے جاری ہیں، کراچی کے تمام گرجا گھروں میں کرسمس کی مناسبت سے عبادات و دعائیہ تقریبات جاری ہیں۔

خواتین اور بچے گھروں کو کرسمس ٹری اور برقی قمقموں سے سجا رہے ہیں، سانتا کلاز بچوں میں تحائف بانٹ کر ان کی خوشیوں کو چار چاند لگا رہے ہیں۔

لاہور کے گرجا گھروں میں گزشتہ رات 12 بجتے ہی کرسمس تقریبات کا آغاز ہو گیا تھا، شہر بھر کے گرجا گھروں میں شدید سردی کے باوجود کرسمس کی تقریبات و عبادات جاری ہیں۔

لاہور میں مسیحی برادری نے کرسمس کے تہوار کا آغاز چرچز میں دعائیہ تقریبات سے کیا، ملک و قوم کی خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

کیتھڈرل چرچ سمیت لاہور کے تمام چھوٹے بڑے چرچز میں میں دعائیہ تقریبات منعقد ہو رہی ہیں، بچوں بڑوں سبھی نے پوری قوم کو کرسمس کی مبارک باد دی۔

تمام چرچز میں کورونا ایس او پیز کا خصوصی خیال رکھا گیا ہے، محدود تعداد میں ہی لوگوں کو دعائیہ تقریبات میں شرکت کی اجازت دی گئی ہے۔

پشاور میں اقلیتی برادری کرسمس کا تہوار منا رہی ہے، گرجا گھروں میں عبادت کا سلسلہ گزشتہ رات سے جاری ہے، گرجا گھروں کے اندر اور باہر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیئے گئے ہیں۔

پشاورشہر کے تمام گرجا گھروں میں مسیحی برادری کی جانب سے وطنِ عزیز کی سلامتی کے لیے دعائیں بھی مانگی گئیں۔

پشاور کے علاقے صدر کے قدیم سینٹ جان کیتھولک چرچ میں کرسمس کی تقریب منعقد ہوئی جس میں مسیحی برادری نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

بلوچستان میں بھی کرسمس کا تہوار جو ش خروش سے منایا جا رہا ہے، اس موقع پر کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں سیکیورٹی کے انتظامات سخت کر دئیے گئے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق کرسمس پر سیکیورٹی پلان نافذ کر دیا گیا ہے، اس دن کی مناسبت سے منعقد کی جانی والی تقریبات کو بھی فول پروف سیکیورٹی مہیا کی جائے گی۔

کوئٹہ شہر میں کرسمس کے حوالے سے 54 چرچز میں تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں جنہیں حساس قرار دیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق کوئٹہ شہر میں چرچز اور اہم سرکاری عمارتوں کی حفاظت پر 4 ہزار سے زائد پولیس، اے ٹی ایف، ایگل اسکواڈ، مددگار اور انوسٹی گیشن کے افسران و اہلکار تعینات کیئے گئے ہیں جبکہ چرچ سے 200 گز کے فاصلے پر پارکنگ کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔


کسی بھی شخص کو بغیر چیکنگ کے چرچ میں داخل نہیں ہونے دیا جا رہا جبکہ شہر بھر میں خصوصی ناکے قائم کئے گئے ہیں

پارا چنار کے گرجا گھر کو کرسمس کے دن کی مناسبت سے خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔

وہاڑی میں خصوصی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے جہاں گرجاگھروں میں سانتاکلاز کے روپ میں بچے گیت گا رہے ہیں اور خوشی میں رقص کر رہے ہیں۔

خانیوال میں ننھے مسیحی طالب علموں نے ٹیبلوز پیش کرکے محبتوں اور امن کاپیغام عام کیا۔

منڈی بہاؤالدین کے گرجاگھرمیں کیک کاٹنے کی خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔

ملک کے دیگرشہروں میں بھی مسیحی برادری کرسمس کے تہوار کو مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منا رہی ہے اور ایک دوسرے کو تحفے تحائف دینے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

بچیاں چوڑیاں پہن رہی ہیں اور مہندی لگوا رہی ہیں جبکہ گرجا گھروں کو بھی برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔

تازہ ترین