راولپنڈی (نمائندہ جنگ) وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے بیگم صفدر اعوان کی جانب سے حکومت پر محمد علی درانی کی شہباز شریف سے زبردستی ملاقات کے الزام کو دروغ گوئی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ محمد علی درانی سے ملاقات میں شہباز شریف کی مرضی و منشا شامل تھی۔ جیل میں کسی بھی قیدی کو کسی بھی فرد سے ملاقات کیلئے مجبور نہیں کیا جا سکتا۔ شہباز شریف کی اپنے خاندان کے افراد سے ملاقات نہ کرنے میں بھی انکی مرضی شامل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے استعفوں کے غبارے سے آصف زرداری اور شہباز شریف نے ہوا نکال دی ہے۔