وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ آج ذوالفقار علی بھٹو اور بی بی شہید کی روح کوتکلیف پہنچ رہی ہوگی کہ ان کے فلسفے اور نظریات کے بد ترین مخالف آج ان کے گھر براجمان ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیئے گئے ایک بیان میں وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ ان کا ایجنڈا اپنی ذات سے شروع ہو کر اپنی ذات پر ختم ہو جاتا ہے، ان کے پاس عوام کے لیے کچھ نہیں۔
ان کا کہنا ہےکہ مریم نواز کا لاڑکانہ جانا ’اوپر سے لڑائی، اندر سے بہن بھائی‘ کی تاریخی حقیقت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ لاہور اور لاڑکانہ کی سڑکوں پر ایک دوسرے کو گھسیٹنے کے اعلان کرنے والے ایک دوسرے کے گھروں کے مہمان بن گئے، یہ ان کی اصلیت ہے، یہ عوام کے سامنے کچھ اور پیچھے کچھ اور ہیں۔
شبلی فراز کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملک میں جب بھی کرپشن، دو نمبری، ہارس ٹریڈنگ، چھانگا مانگا، چمک اور بریف کیس کا نام آئے گا تو نواز شریف کا نام آئے گا، عمران خان عوام کا تابعدار اور چوروں لٹیروں کیلئے تھانے دار ہے۔