لندن ( پ ر ) پاکستان پیپلزپارٹی یورپ کے تحت محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی تیرھویں برسی کا اہتمام فیس بک پر لائیو کیا گیا۔ تقریب کے میزبان ابرار میر قائم مقام صدر پیپلزپارٹی یورپ تھے جبکہ مہرین انور راجہ سابق وزیر مملکت، شمیم بھٹو نائب صدر پیپلزپارٹی برطانیہ، انجم جرال صدر ویمن ونگ پیپلزپارٹی برطانیہ اور مقدسہ بانو ایڈیشنل سیکرٹری ویمن پیپلزپارٹی برطانیہ نےمحترمہ بینظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کیا۔ پروگرام کا آغاز شہید محترمہ بینظیر بھٹو کیلئے دعائے مغفرت سے کیا گیا۔ مہرین انور راجہ سابق وزیر مملکت نے کہا کہ بینظیر بھٹو شہید ایک دلیر رہنما تھیں جو ملک و قوم کےلئے ہر خطرے سے لڑنے کیلئے تیار رہتی تھیں، آج ہم انہیں جسمانی طور پر موجود نہیں پا رہے لیکن انکی لازوال جد و جہد اور قربانی نے ہر پاکستانی کو رہنمائی دے دی، وہ بھٹو شہید کے فلسفے اور ادھورے مشن کو جاری رکھے ہوئے تھیں اور ہم بھی مرتے دم تک جمہوریت کی بقا کیلئے بی بی شہید کے لخت جگر بلاول بھٹو کا ساتھ دینگے۔ ابرار میر قائم مقام صدر پیپلزپارٹی یورپ نے کہا کہ بھٹو خاندان اقتدار نہیں بلکہ اقدار کیلئے ملک و قوم کی بہتری اور ترقی کیلئے اپنی جان کی بھی پروا نہیں کرتا اور ہم جیالے بھٹو شہید اور بی بی شہید کے مشن کی تکمیل کیلئے بلاول بھٹو اور آصفہ بھٹو کا بھرپور ساتھ دینگے۔ شمیم بھٹو مرکزی نائب صدر پیپلزپارٹی برطانیہ نے کہا کہ بینظیر بھٹو شہید ایک خوشبو تھیں جو دنیا بھر میں پھیل گئیں۔ انکا ایک ایک پل غریب عوام کے حقوق کیلئے وقف تھا وہ پاکستان کو مظبوط کرنا چاہتی تھیں لیکن انہیں ہم سے چھین لیا گیا۔ وہ ہمیشہ ہماری سانسوں اور یادوں میں رہینگی۔ انجم جرال صدر وویمن ونگ پیپلزپارٹی برطانیہ نے کہا کہ بی بی شہید نے پاکستان میں عورت کو وہ مقام دیا جو پہلے کسی نے نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ میں دوھزار چھ بریڈفورڈ والا جلسہ یاد کرتی ہوں تو میرے آنسو نہیں رکتے لیکن وہ لمحات مجھے آگے بڑھنے کا حوصلہ بھی دیتے ہیں۔ مقدسہ بانو ایڈیشنل جنرل سیکرٹری وویمن ونگ پیپلزپارٹی برطانیہ نے کہا کہ بینظیر بھٹو شہید عالم اسلام کی نہ صرف پہلی خاتون وزیراعظم بنی بلکہ دو بار وزیراعظم منتخب ہوئیں۔ بی بی شہید کا فلسفہ ہمیشہ اسی طرح زندہ رہیگا جسطرح شہید ذوالفقار علی بھٹو کا فلسفہ تاحیات ہے۔ بینظیر بھٹو بے نظیر تھیں اور ہمیشہ بے نظیر رہینگی۔ شرکا نے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کی تکمیل کیلئے نوجوان چئیرمین بلاول بھٹو کا تن من دھن سے ساتھ دینے کا عہد کیا۔