• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہید بینظیر بھٹو کی 13ویں برسی عقیدت اور احترام سے منائی گئی

لاڑکانہ ( بیورو رپورٹ) سابق وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی کی رہنما بے نظیر بھٹو شہید کی تیرہویں برسی گڑھی خدا بخش میں روایتی عقیدت و احترام کیساتھ منائی گئی۔ 

اس موقع پر ملک بھر کے مختلف علاقوں سے کارکنوں کی بڑی تعداد اتوار کی صبح سے ہی گڑھی خدا بخش میں بے نظیر بھٹو کے مزار کے احاطے میں پہنچنا شروع ہو گئی تھی۔ 

گڑھی خدا بخش پہنچنے والے کارکنوں میں خواتین کارکنوں کی بھی ایک بڑی تعداد شامل تھی۔ دن بھر بے نظیر بھٹو کے مزار پر فاتحہ خوانی اور پھولوں کی چادریں چڑھانے کا سلسلہ جاری رہا۔ 

صبح کو مزار پر فاتحہ خوانی کے بعد عام لنگر کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔سہ پہر کے وقت مرکزی تعزیتی جلسے کا آغاز ہوا جس سے پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری،مریم نواز شریف، وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ، اختر مینگل، عبدالمالک،، عبدالغفور حیدری، محمود اچکزئی، شاہ اویس نورانی اور دیگر رہنمائوں نے خطاب کیا جبکہ سابق صدر آصف زرداری نے ور ویل خطاب کیا۔

شدید سردی کی وجہ سے بلاول بھٹو کے خطاب کے دوران بڑی تعداد میں کارکنوں نے پنڈال سے باہر جانے کی کوشش کی تاہم پولیس نے پنڈال سے باہر نکلنے والے تمام دروازے بند کرکے انکی کوشش ناکام بنادی اور شدید سردی میں بدستور ٹھٹھرتے رہے اور انتظامیہ کو مغلظات بکتے رہے۔ 

مرکزی جلسے کے بعد بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے پی ڈی ایم رہنمائوں کے اعزاز میں نوڈیرو ہائوس میں عشائیہ دیا گیا۔ اس موقع پر تمام قائدین میں حکومت کی بوکھلاہٹ اور پی ڈی ایم کی تحریک کے متعلق بھی تفصیلی بات چیت جاری رہی۔

تازہ ترین