اسلام آباد ( نیو زرپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ وزیراعظم اور ان کی کابینہ نقل کے باوجود فیل ہے ۔ وزیراعظم کی تیاری نہیں تھی تو حکومت جیسے امتحان میں کیوں بیٹھے ۔پی ڈی ایم میں شامل نہ ہونے کی سب سے بڑی وجہ ان کا عوام کو دھوکے میں رکھناہے ۔یہ نظام قاتلوں کے لیے ہے ، ظالم ، غاصب ، کرپٹ اور مافیاز آزادانہ دندناتے پھرتے ہیں کوئی بھی ان ظالموں کو آج تک سزا نہیں دے سکا ۔ بے نظیر بھٹو شہید کی برسی پر پیپلز پارٹی سے اظہار ہمدردی کرتاہوں لیکن گزشتہ بارہ سالوں میں کئی بار پی پی پی کی حکومت کے باوجود بے نظیر بھٹو شہید کے قاتل گرفتار نہ ہونا پی پی اور پوری قوم کے لیے سوالیہ نشان ہے ۔ اس ملک میں لیاقت علی خان ، جنرل فضل حق ، جنرل ضیاءالحق کے قاتل آج تک گرفتار نہ کیے جاسکے ۔ نقیب اللہ محسود کا قاتل آج بھی ہمارے پورے نظام کا مذاق اڑا رہاہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حکومت مخالف جاری تحریک کے لکی مروت میں چھٹے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا،سراج الحق نے کہا وزیراعظم کہتے ہیں تھے کہ کشمیر کا سفیر بنوں گا ،انہوں نے کشمیر کا سفیر بننے کا اعلان کر کے مقبوضہ کشمیر بھارت کے حوالے کردیا،ان حکمرانوں کے ہاتھوں میں ہمارا ملک محفوظ نہیں،آئی ایم ایف کے پریشر کی وجہ سے بجلی گیس کی قیمتوں میں مزید اضافہ کیا جارہاہے،انہوںنے کہاکہ پاکستان پر دباؤ ہے کہ وہ اسرائیل کو تسلیم کرے ، ہم کسی صورت بھی قبلہ او ل کی سرزمین سے دستبردار نہیں ہوسکتے ۔انہوں نے بچے اور بچیوں سے زیادتی کے ملزم کی نامرد کرنے کی سزا پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہاکہ ایسے تمام مسائل کا واحد حل اسلامی قوانین پر عملدرآمد ہے ۔انہوں نے کہاہماری حکومت مخالف تحریک جاری رہے گی ملک بھر میں بڑے پیمانے پر جلسوں کا شیڈول جلد جاری کریں گے۔