پشاور کے باچا خان ایئرپورٹ کی انتظامیہ نے برطانیہ سے واپس آنے والے مسافروں کے ٹیسٹ کے سلسلے میں محکمہ صحت سے طبی عملے کی تعیناتی کے لیے درخواست کی ہے۔
جیو نیوز کو موصول باچا خان انٹرنیشنل ائرپورٹ کے ہیلتھ آفیسر کی جانب سے ڈی جی ہیلتھ سروسزکو لکھے گئے خط کے مطابق ایئرپورٹ ہیلتھ آفیسر نے ڈی جی ہیلتھ سے طبی عملہ مانگ لیا ہے۔
ہیلتھ آفیسر نے درخواست کی ہے کہ برطانیہ سے آنے والے مسافروں کے پی سی آر ٹیسٹ لازمی قرار دے دیے گئے ہیں اس لیے باچا خان ائیر پورٹ میں 4 ڈاکٹرز اور 10 پیرامیڈیکل اسٹاف تعینات کیے جائیں۔
خط کے مطابق ایئرپورٹ میں ڈیوٹی پر مامور طبی عملے کو لانے اور لے جانے کی سہولت بھی دی جائے۔
ہیلتھ آفیسر نے اپنے خط میں درخواست کی ہے کہ کورونا وائرس کے مریضوں کو اسپتال لے جانے کے لیے ایمبولینس سروس کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے۔ ایمبولینس سروس کے لیے 3 ڈرائیورز مخصوص کیے جائیں۔