• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آپ وکیل ہیں، کیا ہیں؟ رضا ربانی کی بار بار مداخلت پر چیف جسٹس برہم

کراچی(اسٹاف رپورٹر/این این آئی)چیف جسٹس سپریم کورٹ نے گیلانی اسٹیشن کے قریب تجوری ہائٹس کی تعمیر روکنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے کمشنر کراچی کو تعمیری منصوبہ روک کر ضبط کرنے کا بھی حکم دیدیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ تا حکم ثانی کسی قسم کی مداخلت نہ کی جائے۔

دوران سماعت میاں رضا ربانی کی بار بار مداخلت پر چیف جسٹس برہم ہوگئے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے آپ عدالت میں کھڑے ہیں یا پبلک پلیس پر ؟

آپ وکیل ہیں کیا ہیں؟ آپ کو معلوم نہیں عدالت میں کیسے بات کرتے ہیں؟ رضا ربانی کی پھر بولنے کی کوشش پر چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے مسٹر آپ کیوں اتنا پریشان ہیں؟ ہمیں معلوم ہے یہ پیپرز کیسے بنتے ہیں ہمیں مت دکھائیں۔ یہ سب جعلی کاغذات ہیں ہمیں معلوم ہے۔

آپ بار بار کیوں مداخلت کررہے ہیں کیا پارٹی سے وعدہ کرکے آئے ہیں؟ رضا ربانی نے کہا کہ آپ میرے خلاف توہین آمیز ریمارکس نہیں دے سکتے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آپ عدالتی کارروائی میں مداخلت کررہے ہیں ۔ بنچ اور رضا ربانی کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔

رضا ربانی نے موقف دیا میں عدالت کے استحقاق میں مداخلت نہیں کررہا یہ تاثر ملا ہے معذرت خواہ ہوں۔

تازہ ترین