اسلام آباد(ایجنسیاں)مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ اگر مفتی کفایت اللہ کیخلاف مقدمہ بناتو فوج کے خلاف بیان پر عمران خان پر بنے گا ،سلیکٹڈ عمران خان اور سلیکٹرز ناکامی کا سامنا کر رہے ہیں‘وزیراعظم کو جانا ہی ہوگا ،یہ سلیکٹڈ کے ساتھ ساتھ اب ریجکٹڈ بھی ہوچکا ہے۔
کمزورحکمرانوں کی وجہ سے ہے بھارت جیسا دشمن پاکستان پر وار کرتاہے‘عمران خان کی نااہلی سے کشمیر مودی کی جھولی میں جاگرا‘ نوازشریف جب آئیں گے توانہیں لگ پتہ جائے گا‘عمران خان کے مظالم کا ڈٹ کر مقابلہ کروں گی۔
ہم فوج کے خلاف نہیں بولتے، فوج ہمارا ادارہ ہے‘فوج میں بھی بہت ایماندار اور وطن سے محبت کرنے والے لوگ ہیں‘ آپریشن ضرب عضب، ایٹم بم، موٹروے پر جہاز اتارنے اورافواج کی تنخواہوں میں اضافے سمیت ہر معاملے پر نوازشریف کے ساتھ قوم فوج کے ساتھ کھڑی رہی۔
بدھ کو اسلام آباد میں مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ کمزور حکمرانوں کی وجہ سے ہی بھارت جیسا دشمن پاکستان پر وار کرتا ہے‘جب نوازشریف کی حکومت ہوتی تھی تو مودی خود چل کر آتا تھا، نوازشریف کو مودی کا یار کہنے والوں نے کشمیر بھارت کی گود میں دے دیا۔
عمران خان مجھ سے خوف زدہ ہے، میرے اعلان پرعمران خان کو اتنا ڈر تھا کہ مجھے گرفتار کرلیا، نوازشریف کی زبان بند ہے لیکن آج ہمارے مخالف بھی ان کی زبان بول رہے ہیں، جو الزامات نوازشریف پر لگائے گئے تھے آج حکمران خود ان کی زد میں ہیں۔
نیب عدالت کا جج گھر آکر نوازشریف سے معافی مانگتا ہے، مریم نواز نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی کرسی پر ایک ڈمی کو بٹھایا ہوا ہے، عمران خان کے سب مظالم کا ڈٹ کر مقابلہ کروں گی۔
جب نواز شریف نے کہا تھا کہ عمران خان آپ کاکام کرکٹ کھیلنا ہے جاؤ کرکٹ کھیلو ،آج نواز شریف کی ہربات سچ ثابت ہورہی ہے ،پونے تین سال بعد عوام کے سامنے ڈھٹائی سے کہتا ہے کہ مجھے سمجھ ہی نہیں آئی ،جب آپ کو کچھ پتہ نہیں پھر عوام کی زندگیوں سے کیوں کھیل رہے ہو۔