• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فواد عالم کے سنچری پر ’اسٹائل‘ کے چرچے

قومی کرکٹر فواد عالم کا گزشتہ روز سنچری اسکور کرنے پر جشن منانے کا منفرد اسٹائل کے حوالے سے کہنا ہے کہ اُن کا جشن منانے کا انداز ترک ڈرامے’ارطغرل غازی‘ کا ایک سین ہے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ میچ تو نیوزی لینڈ کے نام رہا لیکن میچ میں پراعتماد بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری اسکور کرنے والے قومی کرکٹر فواد عالم نے اپنی پرفارمنس سے سب کے ہی دل جیت لیے ہیں۔

چوتھی اننگز میں زبردست مزاحمت دکھاتے ہوئے سنچری بنانے والے فواد عالم کا منفرد اسٹائل میں جشن منانا کرکٹ شائقین کو خوب بھایا تھا لیکن وہیں  یہ تجسس بھی پایا جارہا تھا کہ سنچری کے بعد فواد عالم کے جشن منانے کے پیچھے آخر راز کیا تھا۔

اس منفرد انداز میں جشن منانے سے متعلق فواد عالم کا کہنا ہے کہ میرا جشن منانے کا انداز ترک ڈرامے’ارطغرل غازی‘ کا ایک سین ہے۔

انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ پریکٹس میچ میں (اجّو بھائی) اظہر علی نے کہا تھا کہ سنچری بناؤ گے تو ایسے جشن منانا۔

فواد عالم نے ٹیسٹ میچ میں شکست پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوشش تھی کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں زیادہ سے زیادہ دیر وکٹ پر رک کر کھیلیں۔

ویڈیو پیغام میں فواد عالم نے کہا کہ ٹیم مشکل میں تھی، اسی وجہ سے ہماری کوشش یہ رہی کہ آج کا دن وکٹ پر گزار لیں۔

ان کا کہنا تھاکہ طویل عرصے بعد ٹیسٹ میں یہ اننگز کھیلنے اور سنچری بنانے پر خوش ہوں لیکن قومی ٹیم کی شکست پر دل سے دکھی ہوں۔

فواد عالم نے کہا کہ اللّٰہ کا شکر ہے کہ ٹیم مشکلات کا شکار تھی، ایسے وقت میں پرفارم کیا، میری طرح سب ہی نے میچ بچانے کی کوشش کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ وکٹ پر موجودگی کے دوران ہماری کوشش تھی کہ ہار نہیں ماننی، لگے رہنا ہے، سیشنز بائے سیشنز آج کا دن گزارنا ہے۔

فواد عالم نے یہ بھی کہا کہ مخالف بولر کی اچھی گیند پر تو بیٹسمین کو آؤٹ ہوہی جانا ہوتا ہے، ہم دونوں کی وکٹ پر یہی کوشش تھی آؤٹ نہ ہوں۔

تازہ ترین