قومی کرکٹر فواد عالم نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں پُراعتماد سینچری اسکور کر کے سب کی داد و تحسین موصول کررہے ہیں۔
فواد عالم کی شاندار بیٹنگ پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ بھی ان کی معترف نظر آرہی ہے۔
دوسری اننگز میں فواد عالم جب بیٹنگ کے لیے وکٹ پر آئے تو پاکستانی ٹیم مشکلات کا شکار تھی۔
انہوں نے پہلے اظہر علی کے ساتھ وکٹ پر کچھ وقت گزار اور پھر محمد رضوان کے ساتھ 165 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔
فواد عالم نے 269 گیندوں پر 102 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور وہ 396 منٹس پر وکٹ پر موجود رہے۔
فواد عالم کی شاندار بیٹنگ ٹیم کو فتح تو نہ دلا سکی لیکن سوشل میڈیا پر ہو سو فواد عالم کی تعریفیں کی جارہی ہیں، ٹوئٹر پر فواد عالم کے نام سے دوسرے نمبر پر ہیش ٹیگ بھی موجود ہے۔
قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز کی پرفارمنس کو جہاں پاکستان میں سراہا جا رہا ہے تو وہیں آئی سی سی اور نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے بھی ان کی بیٹنگ کی تعریف کی جا رہی ہے
نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے ٹیسٹ میں پُراعتماد بیٹنگ کرنے والے اور 11 برس بعد سینچری مکمل کرنے والے فواد عالم کیلئے ساتھی کھلاڑیوں کی جانب سے تعریفی پیغامات شیئر کیے جارہے ہیں۔
قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر محمد حفیظ نے پہلے ٹیسٹ کے آخری روز کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے فواد عالم کو بہترین اننگز کھیلنے پر مبارکباد دی۔
محمد حفیظ نے ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ ڈٹ کر مقابلہ کرنے اور آخری دم تک لڑنے پر ہمیں ٹیم پاکستان پر فخر ہے۔
محمد حفیظ نے فواد عالم کو بھی زبردست بیٹنگ پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی محنت، لگن اور ٹیم میں واپس اپنی جگہ بنانے نے بہت سوں کو غلط ثابت کیا۔
انہوں نے لکھا کہ دوسری ٹیسٹ سنچری اسکور کرنے پر بہت مبارک ہو۔
نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے بھی فواد عالم کی سنچری پر انہیں مبارکباد پیش کی گئی اور کیوی بورڈ نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ان کی 236 گیندوں اور 353 منٹس کی بیٹنگ میں بہت مہارت اور لگن شامل ہے۔