• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حالات کی نزاکتوں اوراُن کی باریکیوں اور باریکیوں کی سنگینیوں اورسنگینیوں کی سختیوں اورسختیوں کی غلطیوں اور غلطیوں کی مایوسیوں اور مایوسیوں کے خدشوں اور خدشوں کے نتائج کو سمجھ کرمحبتوں وچاہتوں کےسرسبز میدان میں قدم رکھیں کیونکہ جو دنیا کو سمجھ جاتے ہیں، دنیا توقدر کرتی ہے اور جو دنیا والوں کو نہیں سمجھتے، دنیا ان کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیتی ہے۔ فقیر سال کے شروع میں اس موضوع پرضرور لکھتاہے۔ آج کچھ نئی تجاویز پیش کروں گا، فرائض و واجبات کے بعد روزانہ تلاوتِ قرآن اور 112بار درود شریف پڑھا کریں، ہم وقت میں بہت برکت مانگتے ہیں، کبھی سوچا ہم نے وقت کو کیا دیا؟وقت انسان کے ساتھ نہیں بدلتا انسان وقت کے ساتھ بدلتا ہے۔ ڈائری ضرور لیں، سال کا شیڈول اور اہداف کا تعین کریں، بے ترتیب اورغیر ہموار زندگی سے نکلیں، ورزش کریں، دنیا کاسب سے وزتی بوجھ خالی جیب ہے، 8گھنٹے کام کرنے والے گھر والوں کا مشکل سے پیٹ پالتے ہیں، 16گھنٹےکام کرنے والے لوگوں کو روزگار دیتے ہیں ۔ کاروبار کو ترجیح دیں میرے نزدیک نوکری سے ایک نہ ایک دن نکال دیا جاتا ہے اور کاروبار ایک نہ ایک دن چل جاتا ہے۔ دوستوں کے ساتھ ہرگز روزانہ گپ شپ کے لئے اکٹھے نہ ہوں بلکہ کوئی ایک دن رکھ لیں،پڑھے لکھے، خوش حال اورمخلص دوستوں کی فہرست میں اضافہ کرتے جائیں، اگر منفی دوستوں سے تعلقات محدود نہ کئے تو 2021 کا دسمبر بھی اسی طرح ہو گا جس طرح 2020 کا دسمبر گزرا ۔ ردالفساد آپریشن کی طرح رد الدوست آپریشن شروع کریں، ایسے دوستوں سے قطع تعلقی نہ کریں، صرف تعلقات محدود کریں،بے وفا،بے وقوف، عجیب وغریب دھوکے باز، باتوں میں جھوٹ کے تڑکے لگانے والے دوستوں سے بچیں، نبی کریم ﷺکی سیرت ہمارے لئے بہترین نمونہ کے طور پر موجود ہے۔ جنگ بدر کے موقع پر 313 صحابہؓ تھے لیکن جب آپ ﷺ کا ظاہری انتقال ہوا تو علامہ سخاوی نے حافظ ابوزرعہ رازی سے نقل کیا کہ اس وقت صحابہ کی تعداد ایک لاکھ سے زیادہ تھی، آپ کو بھی چاہئے جس میدان میں ہیں، اُٹھتے قدموں کےساتھ آگے بڑھتے چلیں، ہماری تحریروں سے ہزاروں لوگ فائدہ اٹھاتے ہیں، سینکڑوں رابطہ کرتے ہیں، شاگردی میں آنے کا عہد و اعلان کرتے ہیں لیکن کامیاب وہی خواتین ومرد ہیں جو پڑھ کرعمل کرتے ہیں۔ دوسری طرف اگر کسی نے پڑھنا ہی تعصب، بغض، کینہ اورحسد کی آنکھ سے ہے تواس لاعلاج مرض کی شفا ﷲ کے پاس ہے ۔اپنی زندگی سے احسان فراموشی نکال باہر پھنکیں،جو آپ احسان مندوں کے احسان کو بار بار یاد رکھ کر کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں وہ کامیابی ڈگری یا سرٹیفکیٹ کے ایک پرزے سے حاصل نہیں کر سکتے۔ ہر ماہ ایک کتاب خریدنے کا اہتمام کریں اور پھر ان کتابوں کو پڑھنے کا حق ادا کریں، کتابیں نہیں پڑھ سکتے تو کامیاب شخصیات کے پاس ضرور بیٹھیں ۔ اپنا گھر نہیں تو 2021 میں گورنمنٹ کی پالیسی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے فوری طور پرکسی بھی بینک کے ذریعے گھر بنا لیں،یہ گھر آپ کو بڑھاپے میں فائدہ دے گاکیونکہ ماضی کی حکومتوں میں لوگ بڑھاپے میں گھر بناتے تھے۔ حالیہ پالیسی کی وجہ سے آپ بوڑھے ہونے سے پہلے اپنا گھر قسطوں میں بنا سکتے ہیں، مہنگائی آنے والے دنوں میں مزید بڑھے گی۔ ایسا ممکن نہیں رہا ہے کہ گھر میں ایک کمانے والا ہو اور 6لوگ کھانے والے ہوں، اب 6افراد کو کمانے کی طرف آنا پڑے گا۔ جلد آمدن کے مواقع بھی بڑھیں گے، آمدن بڑھانے کے مواقع تلاش کریں، صنعتی سیکٹرز میں انقلابی تبدیلیاں آنے والی ہیں اور نئے شہر آباد ہونے والے ہیں، کام کرنے والوں کو بے تحاشا کام ملے گا اورجو لوگ کام کرنے کے عادی نہیں ہوں گے ان کی غربت میں مزید ہوسکتا ہے، نوجوانوں کے لئے جو قرضہ مہم گورنمنٹ نے شروع کی ہے، اس سے قرضہ لے کر اپنا کاروبار شروع کریں ۔ جو گپیں گھر سے باہر لگاتے ہیں، انہی گپوں کا کچھ صدقہ اپنے گھروالوں کو مسکراہٹ کی صورت میں لوٹائیں کیونکہ آپ کی حقیقی کامیابی، ترقی، خوشحالی اور خوش بختی کا اصل راز بیوی، بچے، والدین اور بہن بھائی ہیں جن کو آپ نے شاید فرمواش کیا ہوا ہے۔ گھر وقت دیں پھر دیکھئے گا وقت کی مقدس بہاریں کیسے آپ کے سکون کے آنگن میں آتی ہیں، عہد کریں بیوی سے لڑائی نہیں اب بیوی سے پیار ہو گا۔ اپنے اندر چھپی ہوئی خوبیوں کو بروئے کار لائیں۔ خدا کے لئے اپنی زندگی سے سختیاں اور سخت رویے نکال دیں، اچھا ظرف ہو تو اچھی تخلیق ہوتی ہے،دوسروں سے شکوہ نہ کریں صرف اپنے آپ کو پہچانیں۔ عہد کریں بچوں کے سامنے موبائل فون استعمال نہیں کریں گے۔ تعلیم ہو یا کاروبار دنیا آن لائن کی طرف جا چکی ہے، آپ بھی مہارت حاصل کریں، نامعلوم مدت کی وباء کورونا سے ایس او پیز کے مطابق بچیں۔ اپنی ایجوکیشن یا شوق کے مطابق وڈیو بنائیں، صدقہ و خیرات دینے کے ساتھ اگر آپ ٹیکس نہیں دیتے تو ٹیکس دینا شرو ع کریں ۔

تازہ ترین