وزیراعظم عمران خان کا نئے سال کے موقع پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہنا ہے کہ 2020ء کوویڈ (COVID-19) کے باعث ہمارے اور پوری دنیا کے لیے مشکل سال تھا مگر ہم اپنے لوگوں کو بھوک سے بچانے میں کامیاب رہے۔
وزیراعظم عمران خان نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کی طرف گامزن ہیں۔
انہوں نے عالمی وبا کورونا وائرس سے متعلق کہا ہے اللّٰہ کے فضل سے ہم بہت سوں سے بہتر رہے، ہم پاکستان کو ایک فلاحی ریاست کی صورت میں ڈھالنے کے ہدف کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم نے لوگوں کی صحت اور انہیں بھوک سے بچایا، احساس پروگرام سماجی تحفظ اورہیلتھ کارڈ میڈیکل کی سہولت فراہم کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 2021 میں دو منصوبوں کو مکمل کرنا ہے، تمام شہریوں کو صحت انشورنس کی سہولت فراہم کرنی ہے، خیبرپختونخوا میں یہ شروع ہوچکا ہے جلد پنجاب اور گلگت بلتستان میں بھی ہوگا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امید ہے دیگر صوبے بھی ایسا کریں گے، احساس پروگرام کے تحت کوئی بھوکا نہ سوئے، پروگرام پورے ملک میں شروع کر رہے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سال کےاختتام پر یہ دونوں منصوبے ہمیں فلاحی ریاست بنانے میں مدد کریں گے۔